Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بم دھمکی کے بعد سعودی ایئرلائن کی جدہ سے جکارتہ جانے والی پرواز کا رخ موڑ دیا گیا، بحفاظت لینڈنگ

 سعودی ایئرلائن نے کہا ہے کہ جدہ سے جکارتہ جانے والی  پرواز کا رخ بم کی دھمکی کے موڑ دیا گیا اور طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔
عرب نیوز کے مطابق پرواز کے تمام مسافر اور عملہ محفوظ ہیں۔
سعودی ایئرلائن  کے ترجمان نے بتایا کہ پرواز کو اس وقت رخ موڑنا پڑا جب ایک ای میل کے ذریعے یہ دعویٰ کیا گیا کہ طیارے میں بم موجود ہے۔
ایئرلائن کے کارپوریٹ کمیونیکیشنز کے جنرل منیجر عبداللہ الشھرانی نے العربیہ کو بتایا کہ سکیورٹی الرٹ کے جواب میں، پرواز SV5276 کو احتیاطی تدبیر کے طور پر میڈان کے کوالانامو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی طرف موڑ دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ طیارہ وہاں بحفاظت لینڈ کر گیا، تمام مسافروں اور عملے نے بغیر کسی واقعے کے طیارہ خالی کیا اور کوئی زخمی نہیں ہوا۔
حکام کی جانب سے کیے گئے معائنے سے یہ ثابت ہوا کہ طیارہ محفوظ تھا اور بم کی دھمکی جھوٹی تھی۔
الشھرانی نے کہا کہ مسافروں کی حفاظت سعودیہ کی اولین ترجیح ہے اور ایئرلائن مسافروں کو ان کے سفر کے باقی حصے میں مدد فراہم کر رہی ہے۔
عرب نیوز کو دیے گئے ایک بیان میں سعودیہ نے تصدیق کی کہ ’پرواز کے دوران موصول ہونے والے سکیورٹی الرٹ کے جواب میں، سعودی ایئرلائن نے پرواز SV5276، جو جدہ سے جکارتہ جا رہی تھی، کو احتیاطی تدابیر کے تحت انڈونیشیا کے کوالانامو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی طرف موڑ دیا گیا۔‘
’طیارہ بحفاظت لینڈ کر گیا، اور تمام مسافروں اور عملے نے بغیر کسی واقعے کے طیارہ چھوڑ دیا۔ مقامی حکام نے لینڈنگ کے فوراً بعد معمول کے معائنے کیے، اور طیارے کو مزید پرواز کے لیے کلیئر کر دیا گیا۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ہمارے مہمانوں اور عملے کی حفاظت اور فلاح و بہبود سعودیہ کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔ مکمل نگہداشت اور معاونت فراہم کی گئی ہے اور آگے کے سفر کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔‘

شیئر: