موسمیات کے قومی مرکز کے سی ای او کی جنیوا میں چینی مندوب سے ملاقات
موسمی پیش گوئی میں ٹیکنالوجی کےلیے چین کے ساتھ تعاون پراتفاق (فوٹو ، ایس پی اے)
قومی مرکز برائے موسمیات کے سی ای او اور ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن ایشیا ریجن کے صدر ڈاکٹر ایمن بن سالم غلام نے جنیوا میں ہونے والے عالمی موسمیاتی ادارے کے 79 ویں اجلاس کے موقع پر جمہوریہ چین کے مستقل نمائندے ڈاکٹر چن کن سے ملاقات کی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق دونوں سربراہوں نے سعودی عرب اور چین کے مابین موسمیات کے شعبے میں ہونے والی مفاہمتی یادداشت کی دفعات کو فعال کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر مصنوعی ذہانت کے شعبے میں چین کی پیشرفت سے فائدہ اٹھانے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے اہم موضوعات پر بھی گفتگو ہوئی جس کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دریں اثنا موسمیات کے قومی مرکز کے مطابق مشترکہ ورکنگ گروپ کے تشکیل دینے کا مقصد موسمیاتی نگرانی کے لیے تکنیکی صلاحیتوں کو بہتر بناتے ہوئے سیٹیلائٹس کے جدید نظام سے استفادہ کرنا ہے۔