سعودی عرب کے علاقے الباحہ کے مغرب میں سروات پہاڑی سلسلے کی ڈھلوانوں پر واقع ’رغدان فاریسٹ پارک‘ ریجن کے نمایاں انوائرمینٹل سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے۔
یہاں کی معتدل آب و ہوا اور قدرتی مناظر دلکش نظارے پیش کرتے ہیں۔
سرکاری خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق یہ پارک سطح سمندر سے 1700 میٹر سے زیادہ بلندی پر واقع اور تقریباً 4 لاکھ 83 ہزار مربع میٹر پر پھیلا ہوا ہے۔
شہر کے مرکز سے صرف 4 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع اس پارک میں سرسبز مقامات، واکنگ ٹریک، سیٹنگ ایریا اور کئی تفریحی سہولتیں موجود ہیں۔

موسم گرما میں یہاں ہر سال بڑی تعداد میں سیاح آتے ہیں۔ مختلف تفریحی اور ثقافتی تقریبات کا اہتمام ’الصیف الباحہ‘ پروگرام کے تحت کیا جاتا ہے۔
الباحہ میونسپلٹی نے متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے ہیں جن میں 20 ہزار مربع میٹر رقبے پر قائم ’بھجۃ رغدان پارک‘ ہے۔ یہاں، اوپن ایئر تھیٹر، مصنوعی آبشار، چلڈرن پلے ایریا، لیونڈر پارک شامل ہیں جو ایک مرکزی پلازے اور 500 میٹر طویل پتھریلے واک وے سے منسلک ہے۔

الباحہ کے میئر ڈاکٹر علی السواط نے بتایا ’رغدان فاریسٹ پارک اس ریجن میں ماحولیاتی اور سیاحتی سنگ میل ہے۔
اس سال پارک میں متعدد ترقیاتی منصوبے جس میں 1470 میٹر رقبے پر فٹ پاتھ کی اپ گریڈیشن، پارک کے 11 ہزار مربع میٹر رقبے میں اضافہ اور ایک نیا 230 میٹر طویل واک وے شامل ہے۔
پارک کا انفراسٹرکچر 384 ہزار مربع میٹر سبزہ زار، 1230 گاڑیوں کی پارکنگ (جن میں 42 معذور افراد کے لیے مختص ہیں)، 14 پلے گراؤنڈز اور 122 ریسٹ رومز پر مشتمل ہے۔
