سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے منگل کو پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق رابطے کے دوران وزیراعظم پاکستان نے تنازعات کو مذاکرات اور سفارتی ذرائع سے حل کرنے سے متعلق مملکت کے موقف اور اس سلسلے میں نتیجہ خیز کوششوں کی تعریف کی۔
دونوں رہنماوں نے منگل سے نافذ ہونے والے جنگ بندی معاہدے سمیت صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔
سکیورٹی اور استحکام کے تحفظ کےلیے ضروری کوششیں جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
علاوہ ازیں سعودی ولی عہد سے عراقی وزیراعظم نے بھی رابطہ کیا ہے۔
جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم کیا۔ سلامتی اور استحکام کے تحفظ کےلیے ضروری کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
قبل ازیں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے منگل کو ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود بزشکیان نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔
ایس پی اے کے مطابق رابطے کے دوران سعودی ولی عہد نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کا خیرمقدم کیا۔‘
انہوں نے مملکت کی جانب سے اس امید کا اظہار کیا کہ ’یہ جنگ بندی خطے میں سکیورٹی اور استحکام کی بحالی اور مزید تصادم کے خطرے کو روکنے میں معاون ثابت ہوگی۔‘
شہزادہ محمد بن سلمان نے تنازعات کے حل کے لیے ترجیحی راستے کے طور پر سفارتی مذاکرات کی سپورٹ کے دیرینہ موقف کا اعادہ کیا۔
ایران کے صدر نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت میں مملکت کے موقف پر شکریہ ادا کیا۔ خطے کی سکیورٹی اور استحکام کی بحالی کی کوششوں میں سعودی ولی عہد کے کردار کی تعریف کی۔