معیاری حج خدمات اور سہولتوں پر سعودی عرب کی تعریف: سربراہ ایرانی حج تنظیم
مقدس مقامات پر کراوڈ کنٹرول اور ہیلتھ کیئر کی بھی تعریف کی ہے(فوٹو: ایس پی اے)
ایرانی حج اور زیارت ادارے کے سربراہ علی رضا بیات نے سعودی عرب کی حج سیزن 2025 کے دوران حجاج کو فراہم کی جانے والی خدمات اور سہولتوں کی تعریف کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’حج سیزن 2025 تمام مراحل میں غیرمعمولی معیار اور خدمات کے باعث بہترین رہا ہے۔‘
انہوں نے سعودی حکام کی طرف سے ایئرٹرانسپورٹیشن، مقدس مقامات پر کراوڈ کنٹرول اور ہیلتھ کیئر کی بھی تعریف کی۔
علی رضا بیات نے مزید کہا ’سعودی عرب نے مکہ اور مدینہ میں حجاج اور زائرین کی خدمت کے لیے ایک مثالی کردار ادا کیا ہے۔‘
قبل ازیں ایران کے قونصل جنرل حسن زرنکار نے ایرانی حجاج کی واپسی کے مراحل کو آسان بنانے اور سعودی قیادت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کرنے کی تعریف کی تھی۔
واضح رہے ایرانی حجاج کو عرعر بارڈر کراسنگ کے ذریعے واپس بھیجا جا رہا ہے۔
ایرانی قونصل جنرل کا کہنا تھا ’حجاج کی واپسی کے لیے حکومت کی جانب سے مثالی انتظامات کیے گئے جن کے جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔‘
ایرانی حجاج کو مملکت میں مثالی سہولتیں فراہم کی گئیں جن میں ایئرپورٹ پر اترنے سے لے کر فوری امیگریشن سروسز و دیگر خدمات شامل ہیں۔
قونصل جنرل نے اپنی اور ایرانی سفیر کی جانب سے مملکت کی قیادت کا شکریہ ادا کیا جن کی جانب سے ایرانی حجاج کو ہر قسم کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اداروں کو فوری ہدایات جاری کی گئی تھیں۔
یاد رہے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے وزارت حج و عمرہ کو مملکت میں موجود ایرانی حجاج کی بحفاظت واپسی تک تمام ممکنہ سہو لتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔
