حجاج کی واپسی، ایرانی قونصل جنرل سعودی انتظامات کے معترف
حجاج کی واپسی، ایرانی قونصل جنرل سعودی انتظامات کے معترف
پیر 23 جون 2025 18:44
حجاج کو عرعر بارڈر کراسنگ کے ذریعے واپس بھیجا جا رہا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
ایران کے قونصل جنرل حسن زرنکار نے ایرانی حجاج کی واپسی کے مراحل کو آسان بنانے اور سعودی قیادت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کرنے کی تعریف کی ہے۔
واضح رہے ایرانی حجاج کو عرعر بارڈر کراسنگ کے ذریعے واپس بھیجا جا رہا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ایرانی قونصل جنرل نے مزید کہا ’حجاج کی واپسی کے لیے حکومت کی جانب سے مثالی انتظامات کیے گئے جن کے جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔‘
ایرانی حجاج کو مملکت میں مثالی خدمات فراہم کی گئی ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
ایرانی حجاج کو مملکت میں مثالی سہولتیں فراہم کی گئیں جن میں ایئرپورٹ پر اترنے سے لے کر فوری امیگریشن سروسز و دیگر خدمات شامل ہیں۔
قونصل جنرل نے اپنی اور ایرانی سفیر کی جانب سے مملکت کی قیادت کا شکریہ ادا کیا جن کی جانب سے ایرانی حجاج کو ہر قسم کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اداروں کو فوری ہدایات جاری کی گئی تھیں۔
یاد رہے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے وزارت حج و عمرہ کو مملکت میں موجود ایرانی حجاج کی بحفاظت واپسی تک تمام ممکنہ سہو لتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔