Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جازان میں خواتین کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا کارواشنگ پلانٹ

پلانٹ میں دس خواتین کام کرتی ہیں (فوٹو، سبق نیوز)
جازان میں سعودی شہری نے خواتین کے لیے پہلا کارواشنگ پلانٹ کا آغاز کردیا۔ پلانٹ کا تمام اسٹاف خواتین پرمشتمل ہے جبکہ صارفین بھی خواتین ہی ہیں۔
سبق نیوز کے مطابق جازان ریجن کی صامطہ کمشنری سے تعلق رکھنے والے سعودی شہری حسام الیامی نے بتایا کہ ’ خواتین کےلیے مخصوص کارواشنگ پلانٹ کا خیال خانگی تقریب کے دوران آیا جس میں یہ بات سنی کہ خواتین کے لیے گاڑی دھلوانے کا مخصوص مقام ہونا چاہئے تاکہ وہ آرام سے یہ کام کراسکیں‘۔
الیامی نے مزید بتایا کہ ’تقریب سے آنے کے بعد یہ سوچ میرے ذہن میں گھر گئی تھی اس بارے میں متعدد بارسوچا اور مختلف پہلوں سے اس کا جائزہ لینے کے بعد تیاریاں شروع کردیں‘۔
خواتین کے لیے اپنی نوعیت کے پہلے کارواشنگ پلانٹ میں اس وقت 10 خواتین کام کررہی ہیں جو دوشفٹوں میں ڈیوٹی انجام دیتی ہیں۔ کارکن خواتین کو گاڑی دھونے اسے خشک کرنے اور آنے والی خواتین کا استقبال کرنے کی مکمل تربیت فراہم کی گئی ہے۔
الیامی کا مزید کہنا تھا کہ منصوبے کو عملی شکل میں لانے کےلیے سرمایہ کی فراہمی کے حوالے سے حکومتی ادارے کی جانب سے بڑا تعاون حاصل رہا۔

صارف خواتین کا کہنا ہے کہ یہ ایک بہترین اقدام ہے جس سے انہیں سہولت ملی(فوٹو، سبق )

دوسری جانب خواتین کے پہلے کارواشنگ پلانٹ میں آنے والی خواتین کا کہنا تھا کہ ’یہ ایک مثالی اقدام ہے جس سے ہمیں بے حد آسانی ہوئی اورآرام سے ویٹنگ روم میں بیٹھ کر گاڑی کے دھلنے کے مناظر دیکھتے ہیں اور اس بات کا بھی یقین ہے کہ تمام امور بہترین طریقے سے انجام پاتے ہیں‘۔

 

 

شیئر: