Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قصیم باجا ٹویوٹا ریلی 2026 کے آخری راؤنڈ میں الراجحی اور العطیہ حتمی مقابلے کے لیے تیار

دونوں ڈرائیوروں نے ابتدائی راؤنڈز میں سے ایک ایک جیتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
دو سے پانچ دسمبر تک منعقد ہونے والی قصیم باجا ٹویوٹا ریلی 2026 کے ساتھ سعودی باجا ٹویوٹا چیمپیئن شپ کا فیصلہ کن مرحلہ مکمل ہوگا۔ چیمپیئن شپ کے تیسرے اور آخری راؤنڈ میں سعودی ڈرائیور یزید الراجحی اور قطری ڈرائیور ناصر العطیہ ٹائٹل جیتنے کے لیے مدمقابل ہوں گے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق دونوں ڈرائیوروں نے ابتدائی راؤنڈز میں سے ایک ایک جیتا ہے۔ العطیہ نے حائل میں کامیابی حاصل کی جبکہ الراجحی نے جدہ میں فتح اپنے نام کی جس سے صحرائی ریلی کے ان دو بڑے ناموں کے درمیان ایک حتمی مقابلے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔
ریلی کا انعقاد چیمپیئن شپ کے حقوق رکھنے والی سعودی آٹوموبیل اینڈ موٹر سائیکل فیڈریشن (ایس اے ایم ایف) کی نگرانی میں کیا جا رہا ہے جبکہ انتظامات کی ذمہ داری باخشب موٹر سپورٹس نے چیمپیئن شپ کے آفیشل پارٹنر جمیل موٹر سپورٹس کے تعاون سے سنبھالی ہے۔
افتتاحی دن، بدھ دو دسمبر، انتظامی جانچ پڑتال اور گاڑیوں کی تکنیکی تفتیش کے لیے مخصوص ہو گا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ تمام شریک ٹیمیں ضوابط اور شرائط پر پورا اترتی ہیں۔ اس کے علاوہ ریلی کے مراحل سے متعلق ہدایات کا جائزہ لینے کے لیے ڈرائیوروں، ٹیم مینیجرز اور آرگنائزنگ کمیٹی کے درمیان ایک بریفنگ بھی منعقد کی جائے گی۔
جمعرات تین دسمبر کو پروگرام کا سلسلہ آگے بڑھے گا جس میں ایک پری ایونٹ پریس کانفرنس ہوگی جس میں شرکاء کی تیاریوں اور عزائم کو نمایاں کیا جائے گا جس کے بعد باقاعدہ افتتاحی تقریب منعقد ہوگی جس میں مختلف کیٹیگریز کے ڈرائیورز اور کو ڈرائیورز اکٹھے ہوں گے۔

قصیم کے متنوع راستوں اور دشوار گزار علاقوں سے اس مقابلے کے چیلنجز میں مزید اضافے کی توقع ہے جو صرف رفتار تک محدود نہیں بلکہ سپیشل سٹیجز کے دوران درست نیویگیشن، گاڑی کی کارکردگی کی بہترین دیکھ بھال اور درست فیصلوں پر مبنی ہوں گے۔ یہ تمام عوامل اس سیزن کے چیمپیئن کا تعین کرنے میں فیصلہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔
یہ چیمپیئن شپ سعودی وژن 2030 کے اہداف کے عین مطابق ہے جس کا مقصد پوری مملکت میں موٹر سپورٹس کو فروغ دینا، سپورٹس ٹوئرزم کو تقویت دینا اور میزبان علاقوں کے قدرتی حسن و وسائل کو دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے۔

 

شیئر: