ہیلی کاپٹر حادثے میں 5 فوجیوں کی ہلاکت، سعودی عرب کی ترکیہ سے تعزیت
ترکیہ میں دو ہفتوں کے دوران دوسرا بڑا فوجی ہیلی کاپٹر حادثہ ہے ( فائل فوٹو)
سعودی عرب نے تربیتی پرواز کے دوران ترک فضائیہ کے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں پانچ فوجیوں کی اموات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے ایک بیان میں ترکیہ کی حکومت، عوام اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ ان سلامتی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ترکیہ کی وزارت دفاع نے منگل کو اعلان کیا تھا کہ ایک یورو کاپٹر ایس 532 ایسکی شہر سے پرواز کے کچھ دیر بعد گر کر تباہ ہو گیا حادثے میں عملے کے پانچ افراد جان سے گئے۔
وزارت دفاع کے بیان میں حادثے کی وجوہ کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔
یہ ترکیہ میں دو ہفتوں سے بھی کم عرصے کے دوران دوسرا بڑا فوجی ہیلی کاپٹر حادثہ ہے۔ 12 نومبر کو ترک فوج کا سکورسکی ایس 70 ہیلی کاپٹر مالاتیا کے قریب گر کر تباہ ہوا جس میں عملے کے چار افراد ہلاک ہوئے۔
