سعودی عرب میں سیاحتی سرمایہ کاری سے ڈھائی لاکھ ملازمتوں کے مواقع: احمد الخطیب
مملکت میں گزشتہ برس کے دوران سیاحوں کی تعداد 123 ملین تک پہنچ گئی ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہا کہ ’مملکت میں سیاحت کا شعبہ مسلسل ترقی کررہا ہے۔ گزشتہ برس کے دوران سیاحوں کی تعداد 123 ملین تک پہنچ گئی جبکہ سیاحتی اخراجات 304 ارب ریال ریکارڈ کیے گئے ہیں۔‘
ایس پی اے کے مطابق بجٹ 2027 فورم کے پینل مباحثے میں وزیر سیاحت نے بتایا ’مملکت نے سال 2024 میں 100 ملین سیاحوں کا ہدف پہلے ہی حاصل کر لیا جو سال 2030 کے لیے مقرر کیا گیا تھا۔‘
انہوں نے اقوام متحدہ کی سیاحتی رپورٹ کے حوالے سے بتایا ’سال 2019 سے 2025 کے دوران بیرون ملک سے آنے والے سیاحوں کی تعداد میں سعودی عرب نے دنیا میں سب سے زیادہ شرح نمو حاصل کی ہے۔ ‘
رپورٹ میں کہا گیا کہ سیاحت دنیا میں روزگار پیدا کرنے والے اہم ترین شعبوں میں سے ایک ہے۔ عالمی افرادی قوت کا تقریبا دس فیصد اسی شعبے سے وابستہ ہے۔
وزیر سیاحت کے مطابق ’گزشتہ پانچ برسوں میں سیاحتی سرمایہ کاری کے نتیجے میں ڈھائی لاکھ نئی ملازمتیں نکلیں اور دو لاکھ سے زائد ہوٹل کمروں کا اضافہ ہوا ہے جبکہ 50 سے زیادہ انٹرنیشنل برانڈز نے مملکت کی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی۔‘

اس وقت مملکت میں 500 سے زیادہ ہوٹل کام کررہے ہیں جن میں ایک لاکھ سے زائد کمرے موجود ہیں جبکہ سال 2030 تک مزید دو لاکھ کمرے تعمیر کرنے کے منصوبے پر کام جاری ہے۔
احمد الخطیب نے بتایا ’سیاحتی فنڈ نے 300 سے زائد بڑے اور ایک ہزار سے زیادہ چھوٹے و درمیانے منصوبوں کی مالی معاونت کی ہے۔ سیاحتی شعبے سے منسلک ملازمین کی تعداد بڑھ کر 10 لاکھ ہو گئی جو سال 2019 میں 7 لاکھ 50 ہزار تھی۔‘

انہوں نے 2030 تک 150 ملین سیاحوں کے ہدف کے حصول کے لیے انفرا سٹرکچر کی ترقی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا ’مملکت میں ایئرپورٹس اور سیاحتی سہولتوں کی ترقی کے علاوہ درعیہ، قدیہ اور ریڈ سی جیسے بڑے منصوبے سیاحتی شعبے کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔ یہ منصوبے ایکسپو 2030 ریاض اور فیفا ورلڈ کپ 2034 کے لیے بھی معاون ثابت ہوں گے۔‘
انہوں نے ٹورازم سیکٹر میں سعودی نوجوانوں کی تربیت اور انہیں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ ’اس مقصد کے لیے سالانہ ایک لاکھ نوجوان مرد و خواتین کو تربیت دینے کے پروگرام پر عمل کیا جا رہا ہے۔‘
