علاقائی چیلنجز کے باوجود اقتصادی پوزیشن مستحکم ہے: سعودی وزیر خزانہ
نان آئل آمدنی سرکاری اخراجات کا 37 فیصد کور کرتی ہے ( فوٹو ایس پی اے)
وزیرخزانہ محمد الجدعان نے کہا ہے کہ ’نان آئل آمدنی اس وقت سرکاری اخراجات کا 37 فیصد کور کرتی ہے، یہ شرح گزشتہ برسوں میں 16 فیصد تھی۔‘
ایس پی اے کے مطابق ریاض میں بجٹ 2027 فورم کے پینل ڈسکیشن میں وزیر خزانہ نے کہا ’مملکت کی اقتصادی پوزیشن مستحکم ہے جو جغرافیائی سیاسی چیلنجوں سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔‘
انہوں نے کہا ’فی الحال سرکاری ریزرو کو استعال کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ بجٹ خسارے کے باوجود سال 2022 کے بعد سے اب تک ملکی ذخائر میں 20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔‘
دفاعی اخراجات کے حوالے سے انہوں نے کہا ’ملکی دفاع، شہریوں اور غیرملکیوں کے تحفظ کے لیے فوجی و سکیورٹی کے شعبوں کی مالی ضروریات کے حوالے سے کوئی انتہائی حد مقرر نہیں کی گئی۔‘
وزیرخزانہ کا کہنا تھا ’سعودی معیشت کو گزشتہ دہائیوں کے دوران متعدد چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا ہے اور وہ ان سے مضبوطی سے ابھر کر سامنے آئی ہے۔ قومی معیشت میں علاقائی اور بین الاقوامی چیلنجوں کے باوجود نان آئل جی ڈی پی، کھپت اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری میں ترقی کر رہی ہے۔‘

انہوں نے نجی شعبے کے معاونت، بنیادی خدمات کے تسلسل اور شہریوں کی فلاح و بہبود کو اولین حکومتی ترجیح قرار دیا۔ اس کے ساتھ یہاں مقیم دیگر افراد کو بھی بنیادی سہولتیں فراہم کرنا شامل ہے۔
محمد الجدعان کے مطابق ’حالیہ بحران کے آغاز سے ہی حکومت نے نجی شبے کے تعاون سے 48 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں متبادل لاجسٹک ذرائع قائم کیے جس سے جدہ بندرگاہ پر روزانہ کی بنیاد پر ٹرانسپورٹ ٹرکوں کی تعداد 2 ہزار سے بڑھ کر 10 ہزار ہو گئی۔‘

متبادل سپلائی روٹس کے بارے میں انہوں نے واضح کیا ’مشرقی ساحل سے جہاز رانی کے روٹس کا رخ بحیرہ احمر کی بندرگاہوں کی جانب موڑا گیا۔ شمالی سرحدی راستوں اور مملکت کے ریلوے نیٹ ورک سے بھی استفادہ کیا گیا۔ ان اقدامات سے سپلائی چین کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملی۔‘
