’پہلے ٹیسٹ سے ہی بال ٹیمپرنگ ہو رہی تھی‘، اے بی ڈی ویلیئرز کا آسٹریلیا پر نیا الزام
’پہلے ٹیسٹ سے ہی بال ٹیمپرنگ ہو رہی تھی‘، اے بی ڈی ویلیئرز کا آسٹریلیا پر نیا الزام
بدھ 25 نومبر 2026 17:55
اے بی ڈی ویلیئرز کے مطابق انہیں ’ایک فیصد بھی شک نہیں‘ کہ آسٹریلوی ٹیم کا ہر کھلاڑی اس معاملے سے واقف تھا (فائل فوٹو: گیٹی)
آسٹریلوی کرکٹ کے ’سینڈ پیپر گیٹ‘ سکینڈل پر آٹھ سال بعد ایک بار پھر بحث شروع ہوگئی ہے، جہاں جنوبی افریقہ کے سابق مایہ ناز بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز نے دعویٰ کیا ہے کہ آسٹریلوی ٹیم 2018 کے دورہ جنوبی افریقہ کے پہلے ٹیسٹ میچ سے ہی گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کررہی تھی۔
اے بی ڈی ویلیئرز نے اپنے یوٹیوب چینل ’اے بی ڈی ویلیئرز 360‘ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ’ایک فیصد بھی شک نہیں‘ کہ آسٹریلوی ٹیم کا ہر کھلاڑی اس معاملے سے واقف تھا۔
ان کے مطابق بال ٹیمپرنگ کا آغاز کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں کیمرے پر پکڑے جانے سے پہلے ہی ڈربن میں ہوچکا تھا۔
اے بی ڈی ویلیئرز نے بتایا کہ ڈربن کے کنگزمیڈ اسٹیڈیم میں گیند غیرمعمولی طور پر جلد ریورس سوئنگ ہونے لگی تھی، جو ان کے تجربے کے مطابق حیران کن تھا۔
انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے لیے ’سینڈ پیپر‘ استعمال کیا گیا یا ناخن، اصل بات یہ ہے کہ میدان میں غیرقانونی اقدام کرنے کا پہلے سے فیصلہ کیا گیا تھا اور پوری ٹیم اس سے آگاہ تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’خاص طور پر بولرز کو اس معاملے کا علم تھا کیونکہ گیند خود بخود ریورس سوئنگ نہیں ہونے لگتی۔‘
تاہم آسٹریلوی ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز نے پوری ٹیم کے بال ٹیمپرنگ سے آگاہ ہونے کے الزامات کو ’100 فیصد غلط‘ قرار دے کر مسترد کردیا ہے۔ اس وقت آسٹریلیا کے ہیڈ کوچ ڈیرن لی مین نے بھی سینڈ پیپر کے استعمال سے لاعلمی ظاہر کی تھی۔
اے بی ڈی ویلیئرز نے کرکٹ آسٹریلیا کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بورڈ نے اس وقت صورت حال کو درست انداز میں نہیں سنبھالا اور کھلاڑیوں کو اجتماعی ذمہ داری قبول کرنے کے بجائے ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کردیا۔
ادھر کرکٹ آسٹریلیا نے اسکینڈل کی دوبارہ باضابطہ تحقیقات کرانے سے انکار کردیا ہے، تاہم سابق کھلاڑیوں کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دینے کے لیے ایک آزاد فورم قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یاد رہے کہ 2018 میں جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑی کیمرون بینکرافٹ کو ٹی وی کیمروں نے گیند پر سینڈ پیپر استعمال کرتے ہوئے پکڑ لیا تھا۔ واقعے کے بعد کپتان سٹیون سمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر پر 12، 12 ماہ جبکہ بینکرافٹ پر 9 ماہ کی پابندی عائد کی گئی تھی۔
دوسری جانب آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے ’دی گریڈ کرکٹر پوڈکاسٹ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہوں نے کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ کو ایک پیغام بھیجا تھا، جس میں پوری ٹیم کی جانب سے سکینڈل کی اجتماعی ذمہ داری قبول کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔
عثمان خواجہ نے پوڈکاسٹ میں اپنے مجوزہ بیان کا متن بھی پڑھ کر سنایا، جس میں کہا گیا تھا کہ ’ہم بحیثیت ٹیم تسلیم کرتے ہیں کہ 2018 میں جنوبی افریقہ میں ہم نے گیند کی حالت مصنوعی طور پر تبدیل کر کے بال ٹیمپرنگ کی تھی۔ اس کے لیے سینڈ پیپر استعمال کیا گیا یا کوئی اور طریقہ، یہ اہم نہیں، ہم نے جو کیا اس کی پوری ذمہ داری ٹیم اور سکواڈ کی حیثیت سے قبول کرتے ہیں، جو ہمیں آٹھ سال پہلے ہی کرلینا چاہیے تھا۔‘
عثمان خواجہ نے مزید کہا کہ ’ہم اس بات کا اعتراف بھی کرنا چاہتے ہیں کہ سٹیون سمتھ، کیمرون بینکرافٹ اور ڈیوڈ وارنر نے ٹیم کی خاطر بہت بڑی قیمت ادا کی، جس پر ہم ان کے معذرت خواہ اور ہمیشہ شکرگزار رہیں گے۔‘
ان کے مطابق یہ تجویز انہوں نے اس امید پر پیش کی کہ تمام کھلاڑی ایک مشترکہ مؤقف اختیار کرکے تنازع کو ختم کرسکیں۔ خواجہ نے بتایا کہ ٹوڈ گرین برگ نے ان کی تجویز دیگر متعلقہ افراد کے سامنے رکھنے پر آمادگی ظاہر کی، تاہم انہیں خود بھی یقین نہیں کہ اس سے معاملہ مکمل طور پر حل ہوجائے گا۔
عثمان خواجہ نے اسی گفتگو میں آسٹریلوی کرکٹ میں 2016 سے 2018 کے دوران پروان چڑھنے والی ’ہر قیمت پر جیتنے‘ کی سوچ پر بھی تنقید کی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ٹیم کی توجہ صرف جیتنے پر تھی، چاہے اس کے لیے کھیل کے میدان میں حدود ہی کیوں نہ پار کرنا پڑیں۔ ان کے مطابق یہ رویہ بتدریج بڑھتا گیا اور بال ٹیمپرنگ کا واقعہ اچانک پیش نہیں آیا۔
عثمان خواجہ نے کہا کہ ’ہم نے دو سال کے دوران مسلسل حدود کو آگے بڑھایا اور بالآخر صورت حال اس مقام تک پہنچ گئی۔‘
انہوں نے وضاحت کی کہ ان کا مؤقف یہ نہیں کہ ہر کھلاڑی کو سینڈ پیپر کے استعمال کی مخصوص تفصیلات معلوم تھیں، بلکہ پوری ٹیم گیند کو ریورس سوئنگ کرانے کی کوششوں اور اس سے حاصل ہونے والے فائدے سے واقف تھی۔