دنیا بھر کے ممالک کے پاسپورٹس کی رینکنگ جاری کرنے والے ادارے ’ہینلے اینڈ پارٹنرز‘ نے تازہ رینکنگ جاری کی ہے جس کے مطابق سنگاپور مضبوط ترین پاسپورٹ رکھنے والا دنیا کا واحد ملک ہے جبکہ پاکستان کا نمبر 100 واں ہے۔
سنگاپور کے پاسپورٹ کے حامل شہری دنیا کے 193 ممالک میں ویزہ فری انٹری حاصل کر سکتے ہیں۔
سنیچر کو جاری ہونے والی تازہ رینکنگ کے مطابق دوسرا نمبر جاپان اور جنوبی کوریا کا ہے۔ دونوں ممالک کے پاسپورٹ رکھنے والے شہری دنیا کے 190 ممالک میں ویزے کے بغیر سفر کر سکتے ہیں۔
ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، آئرلینڈ، اٹلی اور سپین تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ ان ممالک کا پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو پیشگی ویزہ کے بغیر 189 ممالک تک رسائی حاصل ہو سکتی ہے۔
رینکنگ کے مطابق سعودی عرب کا 59 واں نمبر ہے اور اس کا پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو دنیا کے 89 ممالک کا بغیر ویزہ سفر کرنے کی سہولت حاصل ہے۔
اسی طرح امریکہ کا 10 واں نمبر ہے جبکہ روس اور تُرکیہ 49 ویں، عمان 61 ویں، بحرین 60 ویں اور چین 64 ویں نمبر پر ہیں۔
پاکستان، صومالیہ اور یمن ایک ہی درجے پر
رینکنگ کے مطابق اس فہرست میں پاکستان آخر میں سے چوتھے نمبر پر ہے، پاکستان کا 100 واں نمبر ہے اور اس کے ساتھ صومالیہ اور یمن بھی اسی درجے پر ہیں۔ پاکستان سمیت ان ممالک کے شہری دنیا کے 32 ممالک میں ویزہ کے بغیر جا سکتے ہیں۔
اس سے قبل سنہ 2024 کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کا 100 واں نمبر ہی تھا، البتہ پاکستانی پاسپورٹ کے حامل مسافر 33 ممالک میں ویزہ فری انٹری حاصل کر سکتے تھے۔
پاکستان کے بعد فہرست میں 101 نمبر پر عراق، 102 نمبر پر شام جبکہ 103 پر افغانستان ہے۔ رینکنگ کے مطابق عراق کا پاسپورٹ رکھنے والے شہری 30، شام کے 23 جبکہ افغانستان کے شہری 25 ممالک کا ویزہ فری سفر کر سکتے ہیں۔