پاسپورٹ کی نئی عالمی رینکنگ جاری، پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری؟
ہفتہ 28 جون 2025 16:17
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
دنیا کا سب سے طاقتور پاسپورٹ سنگاپور کا ہے جس پر 193 ممالک کا سفر کیا جا سکتا ہے (فائل فوٹو: باؤنڈلیس)
دنیا بھر کے ممالک کے پاسپورٹس کی رینکنگ جاری کرنے والے ادارے ’ہینلے اینڈ پارٹنرز‘ نے تازہ رینکنگ جاری کی ہے جس کے مطابق سنگاپور مضبوط ترین پاسپورٹ رکھنے والا دنیا کا واحد ملک ہے جبکہ پاکستان کا نمبر 100 واں ہے۔
سنگاپور کے پاسپورٹ کے حامل شہری دنیا کے 193 ممالک میں ویزا فری انٹری حاصل کر سکتے ہیں۔
سنیچر کو جاری ہونے والی تازہ رینکنگ کے مطابق دوسرا نمبر جاپان اور جنوبی کوریا کا ہے۔ دونوں ممالک کے پاسپورٹ رکھنے والے شہری دنیا کے 190 ممالک میں ویزے کے بغیر سفر کر سکتے ہیں۔
ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، آئرلینڈ، اٹلی اور سپین تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ ان ممالک کا پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو پیشگی ویزہ کے بغیر 189 ممالک تک رسائی حاصل ہو سکتی ہے۔
رینکنگ کے مطابق سعودی عرب کا 59 واں نمبر ہے اور اس کا پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو دنیا کے 89 ممالک کا بغیر ویزے سفر کرنے کی سہولت حاصل ہے۔ اسی طرح امریکہ کا 10 واں نمبر ہے جبکہ روس اور ترکیہ 49 ویں، عمان 61 ویں، بحرین 60 ویں اور چین 64 ویں نمبر پر ہیں۔
پاکستان، صومالیہ اور یمن ایک ہی درجے پر
رینکنگ کے مطابق اس فہرست میں پاکستان آخر میں سے چوتھے نمبر پر ہے، پاکستان کا 100 واں نمبر ہے اور اس کے ساتھ صومالیہ اور یمن بھی اسی درجے پر ہیں۔ پاکستان سمیت ان ممالک کے شہری دنیا کے 32 ممالک میں ویزہ کے بغیر جا سکتے ہیں۔
اس سے قبل سنہ 2024 کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کا 100 واں نمبر ہی تھا، البتہ پاکستانی پاسپورٹ کے حامل مسافر 33 ممالک میں ویزہ فری انٹری حاصل کر سکتے تھے۔

پاکستان کے بعد فہرست میں 101 نمبر پر عراق، 102 نمبر پر شام جبکہ 103 پر افغانستان ہے۔ رینکنگ کے مطابق عراق کا پاسپورٹ رکھنے والے شہری 30، شام کے 23 جبکہ افغانستان کے شہری 25 ممالک کا ویزہ فری سفر کر سکتے ہیں۔
رینکنگ کے مطابق انڈیا کا 82 واں نمبر ہے اور اس کے پاسپورٹ پر 58 ممالک کا ویزہ فری سفر کیا جا سکتا ہے۔
دنیا بھر کے پاسپورٹس کی رینکنگ کیسے کی جاتی ہے؟
بین الاقوامی فرم ہینلے اینڈ پارٹنرز دنیا بھر کے پاسپورٹس کی رینکنگ کرتی ہے جبکہ انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (IATA) اس سے متعلق ڈیٹا فراہم کرتی ہے۔
ویب سائٹ ہینلے اینڈ پارٹنرز کے مطابق دی ہینلے اوپن ناس انڈیکس (ایچ او آئی) کے پاس دنیا بھر کے 199 ممالک کے پاسپورٹس کی رینکنگ جاری کرنے کا اختیار ہے۔ ہینلے اور پارٹنرز کی جانب سے پاسپورٹ کو دو طریقوں سے رینک کیا جاتا ہے۔
ویزہ فری ایکسس
اگر کسی ایک ملک کا پاسپورٹ ہولڈر، دوسرے ملک میں بغیر ویزہ حاصل لیے داخل ہو سکتا ہے تو اِس صورت میں ویزہ دینے والے ملک کو ایک سکور دیا جاتا ہے۔
اس صورت حال میں ویزہ آن ارائیول یعنی دوسرے ملک پہنچ کر ویزہ حاصل کرنا، پرمٹ حاصل کرنا اور الیکٹرانک ٹریول اتھارٹی یعنی (ای ٹی اے) کا ویزہ شامل ہے جس میں روانگی سے قبل حکومت سے ویزہ لینا ضروری نہیں ہوتا۔

ایسے ویزے دوسرے ملک کے ویزہ ویور پروگرام کے ماتحت ہوتے ہیں۔
ویزا ریکوائرمنٹ
اگر دوسرے ملک جانے سے پہلے کسی ملک کے پاسپورٹ ہولڈر کو اُس ملک کی حکومت سے منظور شدہ الیکٹرانک ویزہ (ای ویزہ) درکار ہو تو اس صورت میں ویزہ دینے والے ملک کو صفر سکور دیا جاتا ہے۔
اگر کسی پاسپورٹ ہولڈر کو ویزہ آن ارآئیول سے قبل اُس ملک کی حکومت سے منظوری لینا پڑے تو اس صورت میں بھی ویزہ دینے والے ملک کو صفر سکور دیا جائے گا کیونکہ اس سسٹم کو ویزہ فری تصور نہیں کیا جائے گا۔
اسی طرح ہر ملک کا مجموعی اوپن ناس سکور دوسرے ملک سے اُسے فری ویزہ ملنے کے بعد طے کیا جاتا ہے۔
