ملائیشیا کی حکومت نے سعودی وزیر حج ڈاکٹر توفیق الربیعہ کو’ ہجری سال کی شخصیت‘ کے ایوارڈ سے نوازا ہے۔
ملائیشین حکومت کی جانب سے حج وعمرہ خدمات کو جدید بنانے اور زائرین کے تجربے کو بہتر بنانے کی کوششوں کے اعتراف میں ایوارڈ دیا گیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر حج کو کوالالمپور میں ہجری سال کے آغاز پر منعقد ہونے والی ایک تقریب میں ایوارڈ دیا گیا۔ ایک ’مہذب قوم کی تعمیر‘ کے عنوان سے ہونے والی اس تقریب کی سرپرستی شاہ ملائیشا ابراہیم بن اسکندر نے کی۔

سعودی وزیر حج وعمرہ نے ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم، وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نعیم بن حاج مختار کی موجودگی میں ملائیشا کے شاہ سے ایوارڈ وصول کیا۔
خیال رہے ہجری سال کی بہترین شخصیت کا ایوارڈ صرف دو شخصیات کو دیا جاتا ہے۔ ایک ملایشیا کے اندر جبکہ دوسری شخصیت کا انتخاب بیرون ملک سے کیا جاتا ہے۔
ایوارڈ کے لیے شخصیات کا انتخاب اسلامی اقدار کو فروغ دینے اور معاشرے کےلیے مثالی خدمات کا جائزہ لینے کے بعد کیا جاتا ہے۔
یہ ایوارڈ ملائیشا کے اہم ایوارڈز میں شامل ہے جس کا اعلان ہر سالِ ہجری کے آغاز پر کیا جاتا ہے۔