Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی حکومت حج سہولیات میں مزید اضافہ کرے گی: سعودی سفیر

سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ حجاجِ کرام کی خدمت سعودی حکومت کے لیے اعزاز ہے (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا ہے کہ خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی حکومت حج کی سہولیات میں مسلسل اضافہ کرتی رہے گی اور اگلے سال پاکستان کے تمام ائرپورٹس پر روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ شروع کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز اسلام آباد میں حج کے شاندار انتظامات کے سلسلے میں رکزی جمعیت اہل حدیث اور پاک سعودی یکجہتی کونسل کے زیراہتمام منعقد کی گئی ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقعے پر سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ حج اسلام کا اہم رکن اور امت کی وحدت کی نشانی ہے اور اس کی ادائیگی کے دوران مسلمانوں کی انفرادی شناخت کی بجائے اجتماعی شناخت ظاہر ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان حجاج کی خدمت جاری رکھیں گے جبکہ سعودی عرب عالمی معاملات میں بھی قائدانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ ’خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز، ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی عرب کے وزیر برائے حج ڈاکٹر توفیق بن فوزان ال ربیعہ نے حج کے مثالی انتظامات کیے تھے۔‘
 سردار محمد یوسف نے کہا کہ ’سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے اگلے سال روڈ ٹو مکہ اسلام آباد اور کراچی کے علاوہ باقی شہروں، پشاور اور لاہور سے بھی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پاکستانی جو جذبات سعودی حکومت اور اس کے سربراہ خادم الحرمین شریفین کے لیے رکھتے ہیں کسی اور ملک کے لیے نہیں رکھتے۔‘
سردار محمد یوسف نے حج کے دوران ایئر کنڈیشنڈ خیموں کی فراہمی، نسک ایپ اور طواف کے دوران مشکلات سے بچانے کے لیے کیے گئے انتظامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’سعودی حکومت نے حج کے دوران ہر چیز کا خیال رکھا۔‘
تقریب سے پاکستان کی مذہبی سیاسی جماعت جمعیت علمائے اسلام کے سینیئر رہنما عبدالغفور حیدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ’ سعودی عرب ہر حال میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہتا ہے، حالیہ جنگ میں بھی سعودی عرب ہمارے ساتھ کھڑا تھا اور سیز فائر میں کردار ادا کیا۔‘

سردار محمد یوسف نے کہا کہ ’پاکستانی جو جذبات سعودی حکومت اور اس کے سربراہ خادم الحرمین شریفین کے لیے رکھتے ہیں کسی اور ملک کے لیے نہیں رکھتے۔‘ (فوٹو: ویڈیو گریب)

انہوں نے کہا کہ ’سعودی حکومت ہر سال حج کے انتظامات پہلے سے بہتر بناتی ہے۔‘
تقریب کے منتظم جماعت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ حافظ عبدالکریم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’جس کسی نے بھی اس سال حج کیا ہے، وہ اس کے شاندار انتظامات کی گواہی دے رہا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواب سعید المالکی جب سعودی عرب میں ہوتے ہیں تو وہاں پر یہ پاکستان کے سفیر ہوتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’حالیہ انڈیا پاکستان کی جنگ کے دوران اگر کوئی وزیر خارجہ پاکستان آیا تو وہ سعودی عرب کا تھا۔‘
’ہم سعودی عرب کی حکومت، سفیر نواف بن سعید المالکی اور سفارت خانے کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔‘
حافظ عبدالکریم نے ایرانی حاجیوں کو سرکاری مہمان بنانے پر بھی سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب کے دوران ’پاک سعودی دوستی۔ زندہ باد‘ کے نعرے بھی لگائے گئے۔‘

 

شیئر: