تمام ریستوران پر مینو میں غذائی اجزا ظاہر کرنے کی پابندی
’مینو میں کیلوریز کی مقدار، چکنائی، شکر اور سوڈیم کی شرح درج ہوگی‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں تمام ریستوران اور کیفے کل منگل سے نئے ضوابط کی پابندی کریں گے جن کے تحت انہیں کاغذی اور الیکٹرانک مینو، بشمول آن لائن ڈیلیوری پلیٹ فارمز پر غذائی اجزاء کی مکمل تفصیلات ظاہر کرنا لازمی ہوگا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مینو میں تفصیلی غذائی معلومات شامل ہوں گی جیسے کیلوریز کی مقدار، چکنائی، شکر اور سوڈیم کی شرح نیز وہ اجزاء جن سے الرجی ہو سکتی ہے تاکہ صارفین صحت کے لیے بہتر فیصلے کر سکیں۔
نئے ضوابط کے مطابق اُن کھانوں کے ساتھ ’نمک دانی‘ کا نشان لگانا ضروری ہوگا جن میں نمک کی مقدار زیادہ ہو اور مشروبات میں کیفین کی مقدار بھی واضح طور پر درج کرنا ہوگی نیز ہر کھانے کی آئٹم سے حاصل شدہ کیلوریز کو جلانے کے لیے درکار وقت کی وضاحت بھی کی جائے گی۔
یہ اقدام سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی جانب سے شفافیت کو فروغ دینے اور سعودی عرب میں غذائی معیار زندگی بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے جس کا مقصد صحت مند انتخاب کی حوصلہ افزائی اور کھانوں کے اجزا کے بارے میں عوامی آگاہی کو بڑھانا ہے۔