Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان ریلیف سینٹر نے پاکستان میں فوڈ سکیورٹی سپورٹ پروجیکٹ کے تیسرے مرحلے کا آغاز کر دیا

سپورٹ پراجیکٹ کے اس تیسرے مرحلے کا آغاز پہلے دو مراحل کی کامیاب تکمیل کے بعد کیا گیا ہے۔ (فوٹو: اردو نیوز)
شاہ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے سال 2025 کے لیے پاکستان میں اپنے فوڈ سکیورٹی سپورٹ پراجیکٹ کے تیسرے مرحلے کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔
اس مرحلے میں شاہ سلمان ریلیف سینٹر پاکستان کے 34 پسماندہ اضلاع میں 30 ہزار غذائی پیکجز تقسیم کرے گا، جس سے دو لاکھ 10 ہزار سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔
فوڈ سکیورٹی سپورٹ پراجیکٹ کے تیسرے مرحلے کی افتتاحی تقریبِ جمعے کو اسلام آباد میں سعودی سفارت خانے میں منعقد ہوئی جس کے دوران پاکستان میں مملکت سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی، پاکستان کے وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، اور شاہ سلمان ریلیف سینٹر پاکستان کے ڈائریکٹر عبداللہ البقمی نے مستحق افراد میں فوڈ سکیورٹی بیگ تقسیم کیے۔
سپورٹ پراجیکٹ کے اس تیسرے مرحلے کا آغاز پہلے دو مراحل کی کامیاب تکمیل کے بعد کیا گیا ہے۔
گذشتہ دو مراحل کے دوران پانچ ماہ کے عرصے میں صوبہ بلوچستان، سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، اور پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر کے 61 اضلاع میں 60 ہزار فوڈ پیکجز تقسیم کیے گئے۔
فوڈ سکیورٹی سپورٹ پراجیکٹ کے تیسرے مرحلے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ انہیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ وہ حکومتِ پاکستان کی وفاقی و صوبائی انتظامیہ کے تعاون سے ملک بھر کے مستحقین میں 30 ہزار فوڈ پیکجز تقسیم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان فوڈ پیکجز کا عطیہ مرکزِ امداد و ریلیف شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے ذریعے پیش کیا جا رہا ہے، جو دنیا بھر میں انسانیت کی خدمت کے لیے صفِ اول کا ادارہ ہے۔ پاکستان میں واقع شاہ سلمان ریلیف سینٹر کا دفتر پاکستان اور اس کے عوام کی خدمت میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے اور ان کے دکھ درد میں برابر کا شریک ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا کہ اس غذائی پیکج کی تقسیم کا عمل اُمّتِ مسلمہ کی وحدت کا مظہر ہے اور پاکستان اور سعودی عرب کا رشتہ اسلامی اتحاد کا روشن چراغ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان اور وزارتِ قومی غذائی تحفظ مملکتِ سعودی عرب، اس کی قیادت اور عوام کا اس عظیم قدم پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔
’ہم اسلام آباد میں سعودی سفارت خانے کی کاوشوں کو بھی سراہتے ہیں، جنہوں نے اس پروگرام کو ممکن بنایا اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط تر بنانے میں ہمیشہ پیش پیش رہے۔‘

شاہ سلمان ریلیف سینٹر فوڈ پیكج کے تحت تقسیم کیے جانے والا ایک فوڈ پیک 95 كلوگرام پر مشتمل ہے۔ (فوٹو: اردو نیوز)

شاہ سلمان ریلیف سینٹر فوڈ پیكج کے تحت تقسیم کیے جانے والا ایک فوڈ پیک 95 كلوگرام پر مشتمل ہے جس میں 80 كلو فائن آٹا، پانچ كلو دال چنا، پانچ لیٹر كوكنگ آئل اور پانچ كلو چینی شامل ہیں۔
یہ پیکجز ایک خاندان کو پورے مہینے کے لیے کفایت فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں جو شاہ سلمان ریلیف سینٹر کی نگرانی اور مقامی حکومت کے تعاون سے تقسیم کیے جائیں گے۔
یہ منصوبہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور دیگر مقامی شراکت داروں کے تعاون سے نافذ کیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد غذائی عدم تحفظ کا تدارک، غذائی صحت میں بہتری، اور قدرتی آفات سے متاثرہ و پسماندہ طبقات کی مدد کرنا ہے۔ تقسیم کے لیے مستحق خاندانوں کی نشاندہی مقامی حکام کے ساتھ مل کر کی جائے گی تاکہ امداد درست حق داروں تک پہنچ سکے۔

 

شیئر: