Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے پاکستان میں اندھے پن کے علاج کیلئے 11 آئی کیمپس کامیابی سے مکمل

کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے نور سعودی رضاکارانہ پروگرام 2025 کے تحت پاکستان کے مختلف علاقوں میں منعقدہ 11 جامع آنکھوں کے علاج کے کیمپس کامیابی سے مکمل کر لیے ہیں۔
کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی جانب سے جمعرات کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق یہ کیمپس البصر انٹرنیشنل فاؤنڈیشن اور ابراہیم آئی اسپتال کراچی کے تعاون سے منعقد کیے گئے، جن کا مقصد ایسے مستحق افراد کو مفت طبی سہولیات فراہم کرنا تھا جو خصوصی علاج تک رسائی نہیں رکھتے یا مالی وسائل کی کمی کا سامنا کر رہے ہیں۔
یہ کیمپس سندھ، بلوچستان، پنجاب اور پاکستان کے زیرِانتطام کشمیر کے شہری و دیہی علاقوں میں اس حکمت عملی کے تحت لگائے گئے جہاں آنکھوں کی دیکھ بھال کی خدمات محدود ہیں۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد قابل علاج بینائی کی بیماریوں کی بروقت تشخیص و علاج کے ذریعے نابینائی سے بچاؤ اور افراد کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا تھا۔
اس مہم کے دوران 43 ہزار 294 مریضوں کا طبی معائنہ کیا گیا، جبکہ چار ہزار 484 سے زائد سرجریاں کامیابی سے مکمل ہوئیں۔ اس کے علاوہ 11 ہزار 50 عینکیں مفت تقسیم کی گئیں اور مستحق مریضوں کو ڈاکٹروں کی جانب سے تجویز کردہ ادویات بھی فراہم کی گئیں۔
یہ پروگرام کراچی، ماتلی، کندھارو، شکارپور، حیدرآباد، نصیرآباد، خاران، خضدار، جہلم اور راولا کوٹ سمیت مختلف شہروں میں منعقد ہوا، جہاں ہزاروں افراد نے خصوصی آنکھوں کے علاج سے فائدہ اٹھایا اور اپنی بینائی دوبارہ حاصل کی۔
بیان کے مطابق یہ مہم سعودی عرب کی انسان دوستی کے جذبے اور نابینائی سے متاثرہ افراد کی زندگی بہتر بنانے کے عزم کی عکاس ہے۔ کنگ سلمان ریلیف سینٹر نے ان کیمپس کے ذریعے ہزاروں مریضوں کی زندگی میں روشنی واپس لا کر ایک روشن مستقبل کی امید دی ہے۔

 

شیئر: