سعودی زکوة، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی نے جدہ اسلامک پورٹ پر ایک بڑی سمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 6 لاکھ 46 ہزار نشہ آور گولیاں ضبط کرلیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق اتھارٹی کے ترجمان حمود الحربی نے بتایا’ پورٹ پر پہنچنے والی ’لوبیا‘ کی شپمنٹ کی معمول کی کسٹمز کارروائی اور جدید سکیورٹی ٹیکنالوجی کے ذریعے جانچ کی تو انکشاف ہوا کہ لوبیا کے ڈبوں میں انتہائی مہارت سے نشہ آور گولیاں چھپائی گئی تھیں۔‘
مزید پڑھیں
ترجمان نے مزید بتایا’ ادارہ کسٹم کی جانب سے محکمہ انسداد منشیات سے رابطہ کیا گیا تاکہ منشیات سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔‘
محکمہ انسداد منشیات کی ٹیموں نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مقررہ طریقے کار پر عمل کیا جس کے تحت کنسائنمنٹ کو وصول کرنے کے لیے آنے والے تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان نے مزید کہا ’ زکوة، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی مملکت کی درآمدات و برآمدات پر موثر کنٹرول کے لیے پرعزم ہے تاکہ معاشرے کو منشیات جیسے خطرناک عوامل سے محفوظ رکھا جا سکے۔‘
’اس مقصد کے لیے اتھارٹی اور انسدادِ منشیات کا محکمہ باہم مربوط تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔‘