اماراتی و کویتی انسداد منشیات کے محکموں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے منشیات سمگلنگ کی بڑی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
امارات الیوم اخبار کے مطابق مشترکہ کارروائی میں 100 کلو گرام ’شبو‘ (نشہ آور پاؤڈر) اور 10 کلو گرام ہیروئن ضبط کی گئی جن کی مجموعی مالیت 11 لاکھ 50 ہزار کویتی دینار بتائی گئی ہے۔
بھاری مقدار میں منشیات کو سمندری راستے سے کویت سمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی تاہم بروقت معلومات ملنے پر مشترکہ حکمت عملی کے باعث سمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔
مزید پڑھیں
-
کویت میں منشیات سمگلنگ کی بڑی کوشش ناکامNode ID: 888101
اس حوالے سے اماراتی وزارت داخلہ کے ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’مشترکہ کارروائی کی تصدیق کی جاتی ہے جو منشیات جیسی لعنت کے خلاف کویتی فورسز اور اماراتی ادارے کی جانب سے کی گئی‘۔
مشترکہ آپریشن کے حوالے سے بتایا گیا کہ منشیات سمگلنگ کے حوالے سے ملنے والی اہم معلومات کی روشنی میں مشترکہ آپریشن ترتیب دیا گیا۔ موصولہ معلومات میں بتایا گیا تھا کہ بحری راستے سے بڑی مقدار میں منشیات سمگل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔
مشترکہ فورسز کے اہلکار جو کہ کنٹینر پر نظریں رکھے ہوئے تھے نے کنٹینر کو کویت کی الشویخ بندر گاہ سے نکلنے دیا تاکہ اسے وصول کرنے والوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا جاسکے۔ کنٹینر کے بندر گاہ سے نکلنے کے بعد اس کا تعاقب انتہائی مہارت سے کیا گیا۔
نارکوٹکس کنٹرول کی ٹیمیں کنٹینر کا تعاقب کرتے ہوئے جب ’امغرۃ ‘ کے علاقے میں پہنچیں تو وہاں ایک شخص نے کنٹینر کو اپنی تحویل میں لیا جیسے ہی ملزم نے کنٹینر وصول کیا اہلکاروں نے اسے حراست میں لے لیا جو افغان باشندہ ہے۔