سعودی عرب میں جاپان کے سفیر یوشی ناکاشیما نے انٹرنیشنل آرگنائیزیش فارمائیگریشن (آئی او ایم) کے ساتھ پارٹنرشپ کی ہے۔
اس کے تحت نوجوانوں کو صنعت و حرفت میں تعاون کے لیے 2.5 ملین امریکی ڈالر کی گرانٹ دی جائے گی۔ یہ گرانٹ یمن میں بے گھر افراد کے لیے بھی ہوگی۔
مزید پڑھیں
ریاض میں اس سلسلے میں اتوار کو ایک تقریب میں دستخط کیے گئے جس میں ناکاشیما کے ساتھ (آئی او ایم) کے سربراہ اشرف النور بھی تھے۔اس موقع پر سیاسی امور کے لیے یمن کی وزارتِ خارجہ کے انڈر سیکریٹری منصور باجاش بھی موجود تھے۔
جاپانی سفیر نے عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’یمن میں موجود معاشی مشکلات کے تناظر میں یہ تعاون بہت ہی اہم ہے۔‘
انھوں نے کہا ’ہم نے یہ فیصلہ یمنی عوام کی مدد کے لیے کیا ہے جو انتہائی ناگفتہ حالات سے دو چار ہیں اور مشکل ترین وقت سے گزر رہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ فوری توجہ کے ایریا کو پہلے دیکھیں جن میں حرفت کی تربیت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔‘
انھوں نے واضح کیا کہ’ یمن میں بے روزگاری میں طویل جنگ کی وجہ سے اضافہ ہو رہا ہے۔ ملک میں عوامی سطح پر تکنیکی اور حرفت کی تربیت دینے کے مراکز نے فنڈز میں کمی اور انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کے بعد اپنے آپریشن بہت حد تک کم کر دیے ہیں۔‘

یمن میں بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد تقریباً چار اعشاریہ سات ملین ہے جو کل آبادی کا ساتواں حصہ ہے۔ تکنیکی مہارتیں نہ ہونے کی وجہ ان لوگوں کو ملازمتیں ملنا بہت مشکل ہے لہذا ان کی کوئی آمدن بھی نہیں ہے۔
جاپانی سفیر ناکاشیما نے زور دے کر یہ بات کہی کہ’ اس معاہدے سے بہت سے افراد کو، خصوصاً بے گھر ہونے والوں کو جو سب سے زیادہ متاثر ہیں، فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ اس تعاون سے تکنیکی اور حرفت سکھانے کے تربیتی مراکز کو پھر سے کارآمد بننے کا موقع ملے گا اور تین جنوبی گورنریٹس عدن لج اور تعز میں ترقی کے لیے بھرپور تربیت کے مواقع پیدا ہوں گے۔‘

توقع ہے کہ حرفت کی تریبیت میں وسعت سے نوجوانوں کے لیے ملازمتوں کے امکانات بڑھیں گے اور معاشی وسائل میں اضافہ ہوگا۔
جاپان اور یمن کے سفارت خانوں کی جانب سے مشترکہ طور پر جاری بیان کے مطابق یمن میں امن اور استحکام کے لیے امداد فراہم کرنے سے، بحیرۂ احمر اور خلیج عدن کے کنارے واقع یہ ملک سمندری راستوں کو محفوظ بنائے گا۔
جاپان کی حکومت نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ پیش عملی کی پالیسی اپناتے ہوئے اقوامِ متحدہ اور دیگر متعلقہ ممالک کے تعاون کے ساتھ یمن میں امن و استحکام کے لیے کام کرتی رہے گی۔