Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دو ریاستی حل کے نفاذ کے لیے کانفرنس فلسطینی کاز پر مملکت کے موقف کی عکاس ہے: وزیر خارجہ

سعودی عرب طویل عرصے سے فلسطینی ریاست کا حامی رہا ہے۔ فائل فوٹو: ایس پی اے
سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے تصدیق کی ہے کہ فرانس کے اشتراک سے ہونے والی کانفرنس میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے اور دو ریاستی حل پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا جائے گا۔
عرب نیوز کے مطابق اتوار کو سعودی وزیر نے کہا کہ رواں ہفتے کے آخر میں منعقد ہونے والی کانفرنس فلسطینی کاز کے حوالے سے مملکت کے مضبوط موقف اور منصفانہ اور جامع امن کے حصول کے لیے اس کی کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ’سعودی عرب، فرانس کے اشتراک سے مسئلہ فلسطین کے پرامن حل اور وزارتی سطح پر دو ریاستی حل کے نفاذ سے متعلق ایک اعلیٰ سطح کی بین الاقوامی کانفرنس کی صدارت کر رہا ہے، جو اس ہفتے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں وسیع بین الاقوامی شرکت کے ساتھ منعقد ہوگی۔‘
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں نے ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
سعودی عرب نے صدر میکخواں کے ’تاریخی فیصلے‘ کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ’مملکت ان تمام ممالک سے دوبارہ یہ مطالبہ کرتی ہے جنہوں نے ابھی تک فلسطین کی ریاست کو تسلیم نہیں کیا کہ ایسے ہی مثبت اقدامات کرتے ہوئے سنجیدہ موقف اختیار کر کے امن اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت کریں۔‘ 
سعودی عرب طویل عرصے سے فلسطینی ریاست کا حامی رہا ہے اور اس نے غزہ اور مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے حملوں کی بارہا مذمت کی ہے۔
140 سے زائد ممالک پہلے ہی فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کر چکے ہیں۔
فرانسیسی صدر میکخواں نے کہا تھا کہ اُن کا ملک ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں باضابطہ طور پر اس تسلیم کا اعلان کرے گا۔

 

شیئر: