سعودی عرب نے فرانسیسی صدر ایمانویل میکخواں کے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے بیان کا خیرمقدم کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جمعے کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’مملکت اس تاریخی فیصلے کو سراہتی ہے جو فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور 1967 کی سرحدوں پر مبنی آزاد فلسطینی ریاست کے قیام پر اتفاق رائے کا اعادہ کرتا ہے۔‘
مزید پڑھیں
-
فرانس، فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے گا، صدر ایمانویل میکخواںNode ID: 892630
بیان کے مطابق ’مملکت بین الاقوامی قراردادوں پر عمل درآمد اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کے لیے ریاستوں کی جانب سے مسلسل کوششوں کی اہمیت پر زور دیتی ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’مملکت دیگر ممالک، جنہوں نے ابھی تک فلسطینی ریاست کو تسلیم نہیں کیا، سے دوبارہ اپنا مطالبہ دہراتی ہے کہ وہ ایسا کرنے کے لیے اسی طرح کے اقدامات کریں۔‘
سعودی عرب نے بارہا فلسطینیوں کے لیے ایک آزاد ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔
اے ایف پی کی ایک رپورٹ کے مطابق اب تک 142 ممالک فلسطینی ریاست کو تسلیم کرچکے ہیں تاہم اسرائیل اور امریکہ اس کی شدید مخالفت کرتے ہیں۔
سعودی وزارت خارجہ کے بیان میں تمام ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ وہ امن اور فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت میں سنجیدہ موقف اختیار کریں۔
صدر ایمانویل میخکواں نے گذشتہ روز اعلان کیا تھا کہ ’فرانس ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے گا۔‘
فرانسیسی صدر نے کہا تھا کہ ’مشرق وسطیٰ میں منصفانہ اور دیرپا امن کے لیے اپنے تاریخی عزم کے مطابق میں نے فیصلہ کیا ہے کہ فرانس، فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے گا۔‘
فلسطینی اتھارٹی کے نائب صدرحسین الشیخ نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کیے جانے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے فرانسیسی صدر کا شکریہ ادا کیا ہے۔