وزارت سیاحت نے موسم گرما میں سیاحتی مقامات پر فیلڈ وزٹ تیز کردیے
اتوار 27 جولائی 2025 18:57
اس اقدام کا مقصد مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کے حقوق کا تحفظ ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت سیاحت کی انسپیکشن ٹیموں نے موسم گرما کے دوران مملکت بھر میں شہروں اور ریجنز میں اہم سیاحتی مقامات پر دوروں میں اضافہ کیا ہے۔
خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق اس اقدام کا مقصد سیاحت کے قواعد وضوابط پرعملدرآمد، لائسنس کے حصول کو یقینی بنانا، مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کے حقوق کا تحفظ ہے۔
وزارت کی انسپیکشن ٹیموں نے دو ہزار 750 سے زیادہ فیلڈ وزٹ کیے، عسیر میں 420 دوروں کے دوران 25 خلاف ورزیاں سامنے آئیں جبکہ طائف اور اس کے اطراف 360 دوروں میں بھی 25 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
جدہ میں ایک ہزار 680 فیلڈ وزٹ کے دوران 110 سے زیادہ خلاف ورزیاں، ابہا ریجن میں 280 دوروں کے دوران 5 خلاف ورزیوں کا پتہ چلا۔
وزارت نے تمام ٹورازم سروس پروائیڈرز، ٹریول ایجنسیاں، کنسلٹینسی دفاتر اور ایونٹ آرگنائزر پر زور دیا کہ وہ سیاحوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے سیاحت کے قواعد وضوابط پر عملدرآمد کریں۔
وزیٹرز کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع یا مدد کے لیے وزارت سیاحت کے یونیفائیڈ ٹورازم سینٹر کے نمبر پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
