مسلح ڈکیتی میں ملوث سعودی شہری کی سزائے موت پرعمل درآمد
جمعرات 31 جولائی 2025 18:52
بینک کیش وین سے اسلحہ کے زورپر 10 لاکھ ریال لوٹے تھے(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
ریاض میں بینک وین مسلح ڈکیتی اور دیگر جرائم میں پولیس کو مطلوب سعودی شہری کی سزائے موت پرعمل درآمد کردیا گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری تفصیلی بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی شہری سلطان الشمری نے ریاض شہر میں بینک کیش وین پر مسلح حملہ کیا اور دس لاکھ ریال لوٹ لیے۔
وزارت داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ ملزم نے ڈکیتی کے بعد فرار ہوتے وقت پولیس اہلکاروں اور انکی گاڑیوں پرسامنے سے فائرنگ کی تاہم پولیس اہلکار ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم نے جرائم پیشہ افراد پرمشتمل گروہ بھی تشکیل دیا تھا جن کے ساتھ مل کر وہ مختلف مجرمانہ کارروائیاں کرتا تھا۔
عدالت میں مجرم کے خلاف مسلح ڈکیتی اور دیگر جرائم ثابت ہونے پر سعودی شہری کو سزائے موت کا حکم سنا دیا جس پر وزارت داخلہ نے جمعرات کے روز ریاض شہر میں عمل درآمد کردیا۔