’سمندر اور خشکی کی خوبصورتی‘، سعودی عرب میں ایڈوینچر اور تفریح کا نیا زون ’ادرینا‘
ریڈ سی گلوبل نے ’ادرینا‘ کے نام سے ایڈوینچر اور تفریحی زون متعارف کرایا ہے جو یکم مارچ سے عوام کے لیے کھولا جائے گا۔
سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ادرینا سٹریٹیجک طور پر جزیرۂ شوریٰ سے کچھ مسافت پر واقع ہے اور اسے بحیرۂ احمر میں سیاحوں کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
یہ زون میں مختلف نوعیت کی سرگرمیاں اور منفرد تجربات پیش کرتا ہے جن میں سرفنگ، واٹر سکیئنگ، کلف جمپنگ اور سکیٹ بورڈنگ شامل ہیں۔
ادرینا زون میں لگژری ریزوٹ کے تجربات کے ساتھ سیاح سمندر اور خشکی کی خوبصورتی کو ایک نئے انداز میں تلاش کر سکیں گے جو ان کے لیے منفرد تفریح ہوگی۔
ریڈ سی گلوبل کے سی ای او جون باغانو کا کہنا ہے کہ ’منصوبے کا مقصد قدرتی حسن کے ساتھ منفرد ایڈوینچرز کو ہم آہنگ کرنا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ادرینا میں پائیداری کو انتہائی اہمیت دی گئی ہے تاکہ مہمانوں کو یادگار اور منفرد تجربات فراہم کیے جا سکیں۔‘
واضح رہے ادرینا زون، ریڈ سی سپورٹس اینڈ انٹرٹینمٹ کمپنی کے زیر انتظام چلایا جائے گا۔ یہاں عالمی معیار کی تفریحی سرگرمیاں پیش کی جائیں گی۔
ادرینا زون میں 215 میٹر سی واٹر ویو پول ہے جہاں لہریں 2.1 میٹر تک بلند ہوتی ہیں۔

زون میں واٹر سکیئنگ لیگون، ڈائیونگ ٹریکس، 6 میٹر گہرا ڈائیونگ پول، فیملی واٹر پارک، سکیٹ پارک، بیچ سپورٹس کورٹس، فلوٹنگ اوبٹیکل چیلنج ایریا، بی ایم ایکس سائیکلنگ ٹریک اور پانی کے اوپر زپ لائن جیسی سہولتیں شامل ہیں۔
واضح رہے ریڈ سی سیاحتی منصوبے کا آغاز 2023 میں کیا گیا تھا جہاں اس وقت عالمی معیار کے متعدد ریزوٹس موجود ہیں۔
