Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حرمین شریفین جنرل اتھارٹی نے ماہ رمضان کے لیے جامع آپریشنل پلان تیار کرلیا

آپریشنل پلان کا مقصد ازدحام کے دوران خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
حرمین شریفین جنرل اتھارٹی نے ماہ رمضان کےلیے جامع آپریشنل پلان تیار کرنے کا اعلان کیا ہے جو تین اہم نکات پر مبنی ہے۔
اس کا مقصد خدمات کے معیار، آپریشنل کارکردگی کو بڑھانا، حرمین شریفین میں سیفٹی اور ریلائبلٹی کے اعلی ترین معیارات کو حاصل کرنا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کےمطابق ان نکات میں حرمین شریفین میں متعلقہ اداروں کے ساتھ ہم آہنگی قائم رکھنا، سہولتوں اور دیکھ بھال کے انتظامات شامل ہیں۔
آپریشنل پلان کا مقصد ازدحام کے دوران خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا اور زائرین کو ہر ممکن راحت فراہم کرنا ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے’آپریشنل پلان میں خدمات کے معیار کو بڑھانے کے ساتھ مسجد الحرام میں تھری ڈی نقشوں کو فعال کیا جائے گا تاکہ زائرین باسانی اپنے مطلوبہ مقام تک پہنچ سکیں۔‘
’معمر زائرین کے لیے محفوظ ٹرانسپورٹیشن خدمات بھی مہیا کی جائے گی۔ زائرین کی آمد کے حوالے سے ڈیجیٹل کاونٹنگ سسٹم کو ایکیٹو کیا جائے گا جو کراوڈ کنٹرولنگ کے لیے اہم ہے۔‘
فراہم کی جانے والی خدمات پر زائرین کی رائے معلوم کرنے کے لیے ڈیجیٹل سروے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

 آپریشنل منصوبے کے تحت پانچ زبانوں میں مسجد الحرام میں ڈیجیٹل آگاہی سکرینزکو فعال کیا جائے گا۔ حرمین شریفین میں آپریشنل پلان کی نگرانی اور ضرورت کے وقت بروقت پہنچنے کے لیے کنٹرولنگ سینٹر قائم ہو گا۔
زائرین کی بروقت امداد کے لیے گراونڈ یونٹس مختلف مقامات پر تعینات ہوں گے، جن کے پاس فوری ترجمہ کرنے والی ڈیوائسز ہوں گی تاکہ زائرین کی بات کو سمجھ کر درست رہنمائی اور مدد کی جائے۔ 
افطار کے حوالے سے جامع پروگرام کا مقصد افطار کی تقسیم کو منظم اورغذائی اشیا کے ضیاع کو روکنے کے لیے معاشرے میں آگاہی کا فروغ ہے۔

 منصوبے میں زائرین کے سامان کی حفاظت کے لیے لاکرز اور حرمین شریفین میں بچوں کی دیکھ بھال کے مراکز شامل ہیں۔
حرمین اتھارٹی کا کہنا ہے’ منصوبے میں مسجد الحرام کے مختلف مقامات جن میں سعودی دلان، صحنِ مطاف، مسعی، بیرونی صحن، دوسری سعودی توسیع، تیسری سعودی توسیع، مسجد نبوی کے اندر کے مختلف مقامات اور چھت شامل ہے پر توجہ دی گئی ہے۔‘

 

شیئر: