کراچی کے ساحلی مقام دو دریا پر ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنے دو کم سن بچوں کے ہمراہ سمندر میں چھلانگ لگا دی۔ ریسکیو اداروں نے 22 گھنٹوں کے آپریشن کے بعد ایک بچے کی لاش پانی سے نکال لی ہے جبکہ باپ اور بیٹی کی تلاش جاری ہے۔
مزید پڑھیں
کراچی ضلع جنوبی پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 8 ساحل تھانے کی حدود میں گزشتہ روز ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنے بچوں کے ہمراہ دو دریا کے مقام پر سمندر میں چھلانگ لگائی، جس کی اطلاع پولیس کو مددگار 15 کے ذریعے موصول ہوئی۔
پولیس نے فوری طور پر ریسکیو اداروں کو اطلاع دی اور پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچی۔
عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ ایک شخص نے اپنے دو بچوں کے ہمراہ پانی میں چھلانگ لگائی ہے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ واقعے میں ڈوبنے والوں کی شناخت اورنگی ٹاؤن گبول کالونی کے رہائشی اورنگزیب عالم اور اس کے بچوں 8 سالہ احمد عالم اور 4 سالہ آیت کے نام سے کی گئی ہے۔
اورنگزیب عالم کے بھائی ضغیر عالم نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’متوفی نے حال ہی میں گھریلو تنازعات کے باعث اپنی اہلیہ سے بچوں کی حوالگی کے لیے عدالت میں پٹیشن دائر کی تھی، تاہم گزشتہ روز بچوں کی کسٹڈی عدالت کے حکم پر دوبارہ اہلیہ کے حوالے کر دی گئی تھی۔‘
پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ ممکنہ طور پر خودکشی کا ہے، تاہم تفتیش جاری ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق مذکورہ شخص نے کالی شلوار قمیض پہن رکھی تھی اور اس کے ہمراہ دو کم سن بچے بھی تھے جن کی عمریں تقریباً 4 سے 7 سال بتائی جاتی ہیں۔
ریسکیو اداروں نے موقع پر پہنچ کر تلاش کا عمل شروع کیا، اور احمد عالم نامی بچے کی لاش سی ویو کے قریب سے برآمد کر لی گئی، جسے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سرد خانے منتقل کیا گیا۔ تاہم باپ اور بیٹی کی تلاش تاحال جاری ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق سمندر میں پانی کی گہرائی اور تیز لہروں کے باعث سرچ آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ایس ایچ او ساحل کے مطابق پولیس ریسکیو ٹیمیں اور غوطہ خور مسلسل تلاش میں مصروف ہیں، اور تمام پہلوؤں سے واقعے کی چھان بین کی جا رہی ہے۔