جرمن ورات داخلہ کی جانب سے منگل کو جاری اعداد و شمار کے مطابق جرمنی میں اگست 2025 کے دوران پناہ کی درخواستوں میں گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں تقریباً 60 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ رواں سال اگست میں 7 ہزار 803 افراد نے پہلی بار پناہ کے لیے درخواست دی، جبکہ گزشتہ سال اسی ماہ یہ تعداد 18 ہزار 427 تھی۔
یہ اعداد و شمار سب سے پہلے جرمن اخبار بلڈ میں شائع کیے گئے تھے۔
مزید پڑھیں
-
پاکستان اور انڈیا کی لڑائی میں سات جہاز گرائے گئے: ڈونلڈ ٹرمپNode ID: 893789
یہ کمی اس وقت دیکھنے میں آئی ہے جب جرمن حکومت نے چانسلر فریڈرک میرٹز کی قیادت میں مہاجرین کی آمد کو محدود کرنے کے لیے مختلف اقدامات کا آغاز کیا ہے۔ فریڈرک میرٹز نے مئی میں چانسلر کا عہدہ سنبھالا تھا۔
چانسلر میرٹز کے دور میں جرمنی نے سرحدی کنٹرول سخت کر دیے ہیں اور جرائم میں ملوث کچھ افراد کو افغانستان واپس بھیجنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔
حکومت نے کچھ مہاجرین کے لیے خاندان کے دوبارہ ملاپ پر پابندیاں عائد کر دی ہیں، اور جرمن شہریت کے حصول کے قوانین کو مزید سخت کرنے کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے۔
وزیر داخلہ الیکزانڈر ڈوبرِنڈٹ نے کہا کہ ’ یہ اعداد و شمار اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری پناہ گزین پالیسی میں کی گئی تبدیلی مؤثر ثابت ہو رہی ہے، اور ہمارے اقدامات کامیاب جا رہے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ اب سیاسی توجہ ’یورپی سطح پر مشترکہ پناہ گزین نظام کو مزید سخت کرنے‘ پر مرکوز ہو گی تاکہ یورپ پر ہجرت کے دباؤ کو کم کیا جا سکے۔
یہ نئے اعداد و شمار اس رجحان کا تسلسل ہیں جو 2025 کے پچھلے مہینوں میں بھی دیکھنے میں آیا تھا۔
مثال کے طور پر، جولائی 2025 میں جرمنی میں 8 ہزار 223 پناہ کی درخواستیں موصول ہوئیں، جبکہ جولائی 2024 میں یہ تعداد 18ہزار 503 تھی۔
وفاقی دفتر برائے مہاجرت و پناہ گزین کے مطابق، رواں سال کے پہلے سات مہینوں میں مجموعی طور پر 70 ہزار 11 پناہ کی درخواستیں دی گئیں، جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں یہ تعداد ایک لاکھ 40 ہزار783 تھی۔