Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نومولود کی کوریج ہیلتھ انشورنس پالیسی میں شامل

سعودی ہیلتھ انشورنس کونسل نے کہا ہے کہ نومولود بچوں کی کوریج ہیلتھ انشورنس پالیسی کے تحت شامل ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ہیلتھ انشورنس کونسل نے یہ وضاحت نومولود بچوں کے عالمی مہینے کی مناسبت سے کیا  ہے۔
کونسل نے بتایا ہے کہ ’ہیلتھ پالیسی میں بنیادی طبی خدمات کا جامع پیکج شامل ہے جس میں بچوں کے ختنہ کے اخراجات، زچگی کی نگہداشت، نوزائیدہ کم وزن یا قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کا علاج نیز موروثی امراض یا پیدائشی نقائص کی بروقت تشخیص کے لیے ابتدائی ٹیسٹ شامل ہیں‘۔
کونسل نے کہا ہے کہ ’پالیسی کے تحت ان بچوں کے لیے دو سال کی عمر تک طبی طور پر ثابت شدہ بیماریوں کے کیسز میں تجویز کردہ خصوصی دودھ کے اخراجات بھی شامل ہیں جبکہ وزارتِ صحت کی جانب سے مقررہ بنیادی ویکسینز 6 برس کی عمر تک فراہم کی جاتی ہیں‘۔
’اس کے علاوہ، پالیسی کے دائرے میں پیدائشی امراضِ قلب کی بروقت تشخیص کے لیے ’ایکو کارڈیوگرام‘ کے ذریعے ابتدائی جانچ کے پروگرام بھی شامل ہیں جس سے فوری علاج کے امکانات بڑھ جاتے ہیں اور نوزائیدہ بچوں کی صحت محفوظ رہتی ہے‘۔
یہ سب اقدامات ہیلتھ انشورنس کونسل کے اس عزم کی عکاسی کرتے ہیں کہ بچوں کو پیدائش کے لمحے سے ہی علاج اور صحت خدمات فراہم کی جائیں تاکہ معیارِ زندگی بہتر ہو اور قومی صحت کے شعبے کے اہداف حاصل کئےجا سکیں۔

شیئر: