Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کے مطالبے پر روبلوکس نے چیٹ معطل کردی

’فیصلے کا مقصد تمام عمر کے کھلاڑیوں کے لیے محفوظ گیمنگ ماحول فراہم کرنا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں ڈیجیٹل تحفظ اور سماجی سلامتی کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے، عالمی گیمنگ پلیٹ فارم Roblox نے سعودی عرب میں اپنی صوتی اور تحریری چیٹ سروسز کو عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق گیمنگ پلیٹ فارم کا یہ فیصلہ سعودی میڈیا ریگولر اتھارٹی کے مطالبے پر کیا گیا ہے۔
اس کا مقصد مؤثر نگرانی کے نئے طریقے تیار کرنا اور تمام عمر کے کھلاڑیوں کے لیے محفوظ گیمنگ ماحول فراہم کرنا ہے۔
یہ اقدام بالخصوص بچوں اور نوجوانوں کو ڈیجیٹل خطرات سے بچانے کی کاوشوں کا حصہ ہے کیونکہ آن لائن گیمز میں کھلی چیٹ اکثر ہراسانی، نامناسب مواد یا اجنبی افراد کی استحصالی کوششوں کا ذریعہ بن سکتی ہے۔
یہ محض وقتی ضابطہ نہیں بلکہ اسٹراٹیجک وژن ہے جس کا ہدف ایک ایسی ڈیجیٹل فضا قائم کرنا ہے جو سعودی اور عرب معاشرتی اقدار سے ہم آہنگ ہو اور ساتھ ہی کھلاڑیوں کو محفوظ تخلیقی و تعاملی مواقع فراہم کرے۔
اس تعاون کے ذریعےسعودی عرب واضح کرتا ہے کہ وہ عالمی پلیٹ فارمز کے ساتھ شراکت داری کو ترجیح دیتا ہے تاکہ جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ بھی اٹھایا جا سکے اور مقامی اقدار کا تحفظ بھی یقینی ہو۔
یہ فیصلہ ان علاقائی اقدامات کے تناظر میں سامنے آیا ہے جن کے تحت بعض خلیجی و عرب ممالک نے Roblox پر سخت پابندیاں عائد کیں یا خدمات مکمل طور پر بند کر دیں۔
 تاہم سعودی عرب نے متوازن راستہ اختیار کیا ہے جو تعاون اور ترقی پر مبنی ہےتاکہ پلیٹ فارم کے فوائد سے استفادہ کرتے ہوئے ممکنہ خطرات کا تدارک کیا جا سکے۔
عالمی سطح پر بھی Roblox اپنی سیکیورٹی سسٹم کو اپ ڈیٹ کر رہی ہے؛ گزشتہ برس والدین کی نگرانی کے اوزار مضبوط کیے گئے، مواد کی عمر کے مطابق درجہ بندی کی گئی اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے چیٹ کی نگرانی کو بہتر بنایا گیا۔
 مزید برآں، پلیٹ فارم عربی مواد کے لیے بھی خصوصی ٹولز تیار کر رہا ہے تاکہ سعودی صارفین جلد ہی زیادہ محفوظ اور قابلِ اعتماد ماحول میں چیٹ کی سہولت دوبارہ استعمال کر سکیں۔
فی الحال چیٹ کی معطلی ایک عبوری مرحلہ ہے جس کا مقصد بچوں اور نوجوانوں کے تحفظ اور ان کے تخلیقی و اختراعی رجحانات کے فروغ کے درمیان توازن پیدا کرنا ہے۔
 اس طرح سعودی عرب یہ ثابت کر رہا ہے کہ صارفین کا تحفظ ایک عملی حکمتِ عملی ہے نہ کہ صرف نعرہ اور یہ کہ سعودی عرب اپنی گیمنگ فضا کو خطے کے لیے ایک مثالی نمونہ بنانے کے لیے عالمی ڈیجیٹل تبدیلیوں کے ہم قدم ہے۔

شیئر: