شاہ سلمان مرکز کی جانب سے پاکستان اور افغانستان کے لیے امدادی مہم
شاہ سلمان مرکز کی جانب سے پاکستان اور افغانستان کے لیے امدادی مہم
جمعرات 11 ستمبر 2025 5:30
طورخم باڈر پرافغان خیمہ بستی میں مقیم لوگوں میں اشیائے خورونوش تقسیم کیں(فوٹو، ایس پی اے)
شاہ سلمان امدادی و فلاحی مرکز کی جانب سے پاکستان میں سیلاب متاثرین جبکہ افغانستان کے سرحدی کیمپوں میں مقیم لوگوں میں امدادی اشیا تقسیم کیں۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق مرکز کی جانب سے پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع قصور میں سیلاب سے متاثرہ افراد و خاندانوں کے لیے امدادی سامان ارسال کیا۔
امدادی سامان قصور کے سیلاب متاثرین میں تقسیم کیا گیا جن سے 7 ہزار افراد مستفیض ہوں گے۔ امدادی سامان موسم کی مناسبت سے استعمال ہونے والی ضروری اشیا پر مشتمل تھا۔
دوسری جانب پاکستان سے افغانستان لوٹ کر جانے والے افغان شہریوں کےلیے دونوں ملکوں کے باڈر طورخم پرقائم کیے جانے والے کیمپوں میں مقیم افغانوں کی امداد کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اشیائے خورونوش شاہ سلمان امدادی و فلاحی مرکز کی جانب سے اشیائے خورونوش کے علاوہ دیگر ضروریات زندگی کا سامان ارسال کیا جاتا ہے۔
ارسال کیا جانے والا سامان پاکستان کے راستے سرحدی مقام پر موجود کیمپوں میں پہنچایا جاتا ہے۔ مرکز کی جانب سے ارسال کیے جانے والا امدادی سامان اشیائے خورونوش کے 346 پیکٹس پر مشتمل تھا جس سے 2846 افراد مستفیض ہوں گے۔
پاکستان میں سیلاب متاثرین کو خیمے اور دیگر اشیا ارسال کی گئیں(فوٹو، ایس پی اے)
واضح رہے شاہ سلمان امدادی و فلاحی مرکز کی جانب سے مختلف ممالک کے متاثرہ افراد کے لیے امدادی مہم کا سلسلہ جاری ہے اس ضمن میں گزشتہ ہفتے مرکز نے افغانستان میں آنے والے تباہ کن زلزلے سے متاثر ہونے والوں کے لیے بھی امدادی مہم کا آغاز کیا تھا جس کے تحت امدادی سامان کی ترسیل کا سلسلہ جاری ہے۔