افغانستان میں زلزلہ متاثرین کے لیے شاہ سلمان مرکز کی امدادی مہم شروع
امدادی مہم کے تحت 3 ہزار فوڈ پیکٹس تقسیم کیے جائیں گے(فوٹو، ایس پی اے)
شاہ سلمان امدادی و فلاحی مرکز کی جانب سے افغانستان کے صوبہ کنڑ میں زلزلے کی تباہ کاریوں سے متاثر ہونے والوں کے لیے امدادی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق شاہ سلمان مرکز کی جانب سے شروع کی جانے والی امدادی مہم کا افتتاح افغانستان میں سعودی عرب کے سفیر فیصل البقمی نے کیا ان کے ہمراہ افغانی ہلال الاحمر کے سربراہ شھاب الدین دلاور اور دیگر اہلکار بھی موجود تھے۔
امدادی مہم کے آغاز میں زلزلہ متاثرین میں 3 ہزار غذائی پیکٹس تقسیم کیے جائیں گے جن کا مجموعی وزن 21,1500 ٹن ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے افغانستان میں سعودی عرب کے سفیر نے زلزلے میں ہونے والی تباہ کاریوں پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کی مغفرت اور زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی ۔
دوسری جانب افغانی ہلال الاحمر کے سربراہ نے مملکت کی جانب سے شروع کی جانے والی امدادی مہم پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ سے ہی افغان عوام کے ساتھ کھڑا رہا۔
’ہم شاہ سلمان مرکز کے شکرگزار ہیں کہ اس نازک موقع پر انہوں نے افغانوں کی مدد میں سب پرسبقت حاصل کی۔‘