Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں، سعودی کمپنی کا 5 ہزار لیٹر پیٹرول کا عطیہ

اگست میں بھی کمپنی کی جانب سے ایک ہزار لیٹر ایندھن کا عطیہ دیا گیا تھا۔ فوٹو: اے پی پی
پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے سعودی سرمایہ کار کمپنی ’وافی انرجی پاکستان لمیٹڈ‘ نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو 5 ہزار لیٹر ڈیزل اور پیٹرول فراہم کیا ہے۔
یہ عطیہ جمعرات کو سعودی سفارتخانے میں ایک خصوصی تقریب کے دوران دیا گیا جس میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی، وافی انرجی کے چیف ایگزیکٹو زبیر شیخ اور این ڈی ایم اے کے حکام شریک ہوئے۔
اس سے قبل اگست میں بھی کمپنی کی جانب سے ایک ہزار لیٹر ایندھن کا عطیہ دیا گیا تھا۔ 
تقریب میں سعودی سفیر نے کہا کہ ’یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ وافی انرجی جیسی سعودی سرمایہ کار کمپنی پاکستان کے مشکل وقت میں مقامی کمیونٹی کی خدمت میں پیش پیش ہے۔ سعودی عرب ہمیشہ اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی اس تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔‘
وافی انرجی کے سی ای او زبیر شیخ نے اس موقع پر کہا کہ کمپنی سیلاب متاثرین کی بحالی اور این ڈی ایم اے کی امدادی سرگرمیوں میں ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ یہ وقت پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا ہے اور وافی انرجی اپنی ذمہ داری نبھانے میں کوشاں ہے۔
این ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر کوآرڈینیشن بریگیڈیئر قاسم محمود نے وافی انرجی کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ بروقت فراہم کیا گیا یہ ایندھن متاثرہ علاقوں تک امدادی سامان اور سہولیات پہنچانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ 
انھوں نے کہا کہ ملک گیر تباہی کے اس وقت میں نجی شعبے کی شمولیت سے متاثرین تک ریلیف سرگرمیوں کو تیز کرنے میں مدد مل رہی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی حکومت پہلے ہی کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے ذریعے متاثرہ خاندانوں کے لیے امدادی سامان بھیج چکی ہے، اور اب سعودی کمپنیوں کی شمولیت سے سیلاب زدہ پاکستانی عوام تک ریلیف کے مزید ذرائع پہنچ رہے ہیں۔

شیئر: