Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تجارتی اشیا کی پروموشن، انعامی سکیموں کے لیے ضوابط کیا ہیں؟

انعامی سکیم کے اعلان سے قبل این او سی حاصل کرنا ضروری ہے (فوٹو: اخبار 24)
سعودی وزارت تجارت کے ترجمان عبدالرحمن الحسین نے کہا ہے کہ تجارتی اشیا کی پروموشن سے متعلق انعامی سکیم کے لیے مقررہ ضوابط پرعمل کرنا ضروری ہے۔
اخبار 24 کے مطابق ترجمان کا کہنا ہے انعامی سکیم کے اعلان سے قبل وزارت تجارت کی جانب سے این او سی حاصل کرنا ضروری ہے جس کے لیے 5 نکات اہم ہیں۔
انعامی سکیم یا مقابلے کا اعلان کرنے سے قبل چیمبرآف کامرس کی ویب سائٹ کے ذریعے پرمٹ کے لیے درخواست جمع کرائی جائے جس میں مقابلے میں شرکت کے طریقے اور انعام میں دی جانے والی اشیا کی وضاحت دینا ضروری ہے۔
پرمٹ کے لیے یہ بھی ضروری ہے کہ انعامی سکیم کے آغاز اور اختتام کی تاریخوں کی وضاحت کی جائے۔ درخواست میں یہ بھی درج کیا جائے کہ انعامات کی قرعہ اندازی کا طریقہ کار کیا ہوگا ۔ ڈرا کے لیے وزارت تجارت کی نگرانی ضروری ہوگی۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا مقابلے میں شرکت کےلیے خریداری کی شرط عائد نہ کی جائے۔ وہ اشیا جن کی پروموشن کے لیے انعامی سکیم کا اعلان کیا جائے ان کی قیمتوں میں اضافہ نہ کیا جائے۔
انعامی سکیم کے ساتھ وزارت تجارت کی جانب سے جاری کیے گئے لائسنس کا سیریل نمبر درج کیا جائے۔ یہ بھی ضروری ہے کہ انعامی سکیم میں وہاں کام کرنے والے اور ادارے کے مالکان یا رشتہ دار شرکت نہ کریں۔
وزارت کی جانب سے اس امر کا بھی پابند کیا گیا ہے کہ انعامی نتائج کا اعلان ہونے کے سات دن کے اندر اندر انعامات تقسیم کردیئے جائیں۔
انعامی سکیم کے اعلان اور انعامات کی تقسیم کا مجموعیہ دورانیہ 60 دن سے زیادہ نہ ہو۔

 

شیئر: