Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور اقوام متحدہ شام و سوڈان میں واٹر سکیورٹی بہتر بنائیں گے، مشترکہ پروگرام پر دستخط

پروگرام کے تحت 40 مقامی فنی ماہرین کو تربیت بھی دی جائے گی۔ (فوٹو ایس پی اے)
 سعودی عرب اور اقوام متحدہ نے شام اور سوڈان میں واٹر سکیورٹی کو بہتر بنانے کےلیے ایک مشترکہ پروگرام پر دستخط کیے ہیں جس سے 2 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔
ایس پی اے کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کے موقع پر معاہدے پر شاہ سلمان مرکز کے سپروائزر جنرل ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ اور یو این ہیومن سیٹلمنٹس پروگرام کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر انا کلودیا روز باخ نے دستخط کیے۔

شام میں منصوبے سے 70 ہزار سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔ (فوٹو ایس پی اے)

اس پروگرام سے شامی شہر الملیحہ ریف میں 70 ہزار سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔ ہفتہ وار پانی کی دستیابی میں 60 گھنٹے اضافہ ہوگا جبکہ پانی کے ٹینکروں پر انحصار میں 40 فیصد کمی آئے گی۔
یہ پروگرام سوڈان کی ریاست الجزیرہ میں دو لاکھ افراد کےلیے پینے کے صاف پانی تک رسائی کو بہتر بنائے گا۔
اس منصوبے میں شمسی توانائی سے چلنے والے پمپوں کے ساتھ 15 نئے کنووں کی کھدائی، 40 موجودہ کنوؤں کی بحالی، 30 سولر یونٹس کی تنصیب شامل ہے۔
پروگرام کے تحت 40 مقامی فنی ماہرین کو تربیت بھی دی جائے گی۔

سوڈان میں منصوبے سے تقریبا 2 لاکھ افراد کو فائدہ پہنچے گا۔ (فوٹو ایس پی اے)

علاوہ ازیں شاہ سلمان مرکز کے سپروائزر جنرل ڈاکٹر الربیعہ  اور اقوام متحدہ کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کی ملاقات میں تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر بات چیت کی گئی۔
انا کلودیا روز باخ نے انسانی ہمدردی کے شعبے میں شاہ سلمان مرکز کے کردار اور دنیا بھر میں ضرورت مند افراد اور ممالک کی مدد کےلیے جاری کوششوں کی تعریف کی۔

شیئر: