متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات میں غزہ جنگ کے فوری خاتمے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اماراتی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام نے رپورٹ کیا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
مزید پڑھیں
-
فلسطینی صدر نے ’گریٹر اسرائیل‘ کے منصوبوں کے خلاف خبردار کیاNode ID: 895045
شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے غزہ میں جاری ’خوں ریز تنازع کو ختم کرنے، ایک مستقل اور پائیدار جنگ بندی تک پہنچنے، مزید انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنے، عام شہریوں کو درپیش المناک صورتحال اور بحران کے خاتمے کی فوری ضرورت‘ پر زور دیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ غزہ میں عام شہریوں کی سنگین انسانی صورتحال اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ انسانی امداد کی بلا تعطل اور پائیدار فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے فلسطینی اور اسرائیلی عوام کی خواہشات کی تکمیل کے لیے دو ریاستی حل پر مبنی پائیدار امن کے حصول کی خاطر تمام کوششوں کی حمایت کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

وام کے مطابق اماراتی وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک ’تمام یرغمالیوں اور قیدیوں کی رہائی کو یقینی بنانے کے لیے کی جانے والی بین الاقوامی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے انتہاپسندی اور دہشتگردی کی ہر شکل سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ اقدام کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات میں متحدہ عرب امارات کی وزیر مملکت لانا زکی نسیبہ اور اسرائیل میں اماراتی سفیر محمد محمود الخاجہ بھی شریک تھے۔
9 ستمبر کو قطر میں حماس کے رہنماؤں پر اسرائیلی حملے کے بعد یہ بنیامین نیتن یاہو کی کسی اعلیٰ عرب عہدیدار کے ساتھ پہلی ملاقات تھی۔
اس حملے کی متحدہ عرب امارات نے مذمت کی تھی اور احتجاجاً اسرائیل کے نائب سفیر کو طلب کیا تھا۔