اسرائیل میں وزیراعظم نیتن یاہو کو قتل کرنے کی دھمکی دینے والا شخص گرفتار
جمعرات 25 ستمبر 2025 15:26
حماس کے خلاف غزہ میں تقریباً دو برس سے جاری جنگ کے باعث وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی عوامی حمایت میں کمی آئی ہے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
اسرائیلی پولیس نے کہا ہے کہ اس نے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو قتل کرنے کی دھمکی دینے والے ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پولیس نے جمعرات کو بتایا کہ یہودیوں کی نئی برس کی چھٹیوں سے آغاز سے قبل پیر کی شام کو ایک شخص، جو 40 کے پیٹے میں تھا اور اس تعلق كريات جات نامی قصبے سے تھا، مقامی پولیس سٹیشن میں آیا اور کہا کہ وہ نیتن یاہو کو قتل کر دے گا۔
پولیس کے مطابق ’مشتبہ شخص نے افسروں کو بتایا کہ وہ اسلحہ خریدنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے تاکہ وزیراعظم کو تین دفعہ گولی مار سکے۔‘
اس شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس کے خلاف فردِ جرم جمعرات کو دائر کیے جانے کا امکان ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس شخص کو عدالتی کارروائی مکمل ہونے تک حراست میں رکھنا چاہتی ہے۔
خیال رہے کہ رائے عامہ کے تازہ جائزوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ حماس کے خلاف غزہ میں تقریباً دو برس سے جاری جنگ کے باعث وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی عوامی حمایت میں کمی آئی ہے۔ اس جنگ سے خدشات پیدا ہو گئے ہیں کہ اسرائیل عالمی سطح پر مزید تنہائی کا شکار ہو سکتا ہے۔
غزہ میں اس وقت 48 مغوی موجود ہیں، جن میں سے 20 کے زندہ ہونے کا یقین ہے۔ مغویوں کے اہل خانہ نے اسرائیلی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان کی واپسی کے لیے کوئی معاہدہ کرے۔
