Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کا فتح 4 میزائل کا کامیاب تجربہ، رینج 750 کلومیٹر: آئی ایس پی آر

پاکستان آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ پاکستان نے زمین سے زمین پر مار کرنے والے فتح 4 میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ کیا ہے۔
منگل کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس میزائل کی رینج 750 کلومیٹر ہے اور اسے مقامی طور پر تیار کیا گیا ہے۔
یہ میزائل جدید ایویونکس اور جدید ترین نیوی گیشنل ایڈز سے لیس ہے۔ یہ انتہائی درستگی کے ساتھ اہداف کو نشانہ بناتا ہے اور دشمن کے میزائل ڈیفنس سسٹم سے بچنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
فتح-4 کی شمولیت سے آرمی راکٹ فورس کمانڈ کی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا اور پاکستان آرمی کے روایتی میزائل نظام کی رینج، تباہ کن طاقت اور بقا کی صلاحیت بہتر ہوگی۔
آج کے لانچ کو چیف آف جنرل سٹاف، پاکستان کی مسلح افواج کے سینیئر افسران، سائنسدانوں اور انجینیئرز نے دیکھا۔
صدر، وزیراعظم پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے بھی فتح 4 کے تربیتی فائر کے کامیاب انعقاد پر حصہ لینے والے فوجیوں، سائنسدانوں اور انجینیئرز کو مبارکباد دی ہے۔
فتح سیریز کی بنیاد 2021 میں رکھی گئی جب فتح-1 کا پہلا تجربہ ہوا، جس کی رینج تقریباً 140 کلومیٹر تھی۔ بعدازاں فتح-2 سامنے آیا، جسے 250 سے 400 کلومیٹر رینج کے ساتھ اپ گریڈڈ ورژن کے طور پر پیش کیا گیا اور 2021 تا 2023 کے دوران اس کے متعدد تجربات ہوئے۔
مئی 2025 میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان لڑائی کے دوران فتح میزائل سسٹمز کا عملی استعمال بھی کیا گیا، اس پیش رفت نے فتح پروگرام کی سٹریٹجک اہمیت کو اجاگر کیا۔

 

شیئر: