Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جمانا الراشد ٹائم میگزین کی ’ٹائم 100 نیکسٹ‘ لسٹ میں شامل ہونے والی پہلی سعودی خاتون

جمانا الراشد کی شمولیت کاروبار اور میڈیا میں ان کی نمایاں قیادت کو ظاہر کرتی ہے (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی ریسرچ اینڈ میڈیا گروپ (ایس آر ایم جی) کی سی ای او اور ریڈ سی فلم فاؤنڈیشن کی چیئر وومن جمانا آر الراشد نے ٹائم میگزین کی ’ٹائم 100 نیکسٹ‘ لسٹ میں شامل ہو کر پہلی سعودی خاتون کے طور پر تاریخ رقم کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق دنیا کے سب سے زیادہ بااثر لوگوں کی مشہور ٹائم 100 کی فہرست کی توسیع ’ٹائم 100 نیکسٹ‘ لسٹ ہے جو ابھرتے ہوئے رہنماؤں کو نمایاں کرتی جو کاروبار، تفریح، کھیل، سیاست، صحت اور سائنس کو تشکیل دے رہے ہیں۔
جمانا الراشد کی شمولیت کاروبار اور میڈیا میں ان کی نمایاں قیادت کو ظاہر کرتی ہے اور عالمی سطح پر سعودی خواتین کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ جمانا الراشد کے ساتھ ساتھ فہرست میں وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ، بین الاقوامی فٹ بال کے کھلاڑی لامین یامل، گیانا کے صدر عرفان علی اور اپنے اپنے شعبوں میں بہت سے بااثر اور ابھرتے ہوئے رہنماؤں کے نام شامل ہیں۔
ٹائم میگزین نے جمانا الراشد کو ’مشرق وسطیٰ کے بدلتے میڈیا کے منظر نامے کا ایک معمار‘ قرار دیا ہے۔ ایس آر ایم جی کی پہلی خاتون سی ای او کے طور پر 2020 میں ان کی تقرری کے بعد سے، انہوں نے کمپنی کی جامع ڈیجیٹل تبدیلی کی قیادت کی ہے، اختراعی میڈیا ورٹیکلز کا آغاز کیا ہے اور تاریخی عالمی شراکت داریوں کو آگے بڑھایا ہے۔
یہ کوششیں ایس آر ایم جی کے سٹاک کی تیز رفتار نمو میں جھلکتی ہیں، جو میڈیا انٹرٹینمنٹ اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اس کی کاروباری ترقی اور انتظامی حکمت عملیوں پر سرمایہ کاروں کے وسیع اعتماد کی نشاندہی کرتی ہیں۔
ریڈ سی فلم فاؤنڈیشن کی چیئر وومن کے طور پر انہوں نے پوری عرب دنیا، افریقہ اور ایشیا میں فلم انڈسٹری کی ترقی کو آگے بڑھایا ہے اور فلم سازوں کو بااختیار بنانے اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے اقدامات کو آگے بڑھایا ہے۔ یہ عزم ایک بے مثال کامیابی پر منتج ہوا ہے جس میں 80 سے زیادہ معاون فلموں کا پریمیئر ہوا اور ایوارڈز حاصل کیے گئے اور کینز، وینس، برلن، ٹورنٹو اور سنڈینس سمیت دنیا کے سب سے باوقار فیسٹیولز میں بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ہوئی۔
یہ فلمساز اور ان کی کہانیاں ہیں جو کبھی بین الاقوامی فلم انڈسٹری میں جگہ پانے کے لیے جدوجہد کرتے تھے، اب عالمی سطح پر اپنی شناخت بنا رہے ہیں۔ آج بحیرہ احمر انٹرنیشنل فلم فیسٹیول سینما، ثقافت اور تخلیقی صلاحیتوں کے لیے ایک اولین عالمی منزل کے طور پر کھڑا ہے۔

جمانا الراشد کا انتخاب ان کے بڑھتے ہوئے عالمی اثر و رسوخ کی نشاندہی کرتا ہے (فوٹو: عرب نیوز)

جمانا الراشد نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’میں ٹائم 100 نیکسٹ لسٹ میں شامل ہونے پر بہت فخر محسوس کر رہی ہوں۔ یہ اعتراف ان غیر معمولی ٹیموں کی اجتماعی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے جن کے ساتھ مجھے ایس آر ایم جی اور ریڈ سی فلم فاؤنڈیشن میں کام کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ یہ اس ویژن اور قیادت کا بھی ثبوت ہے جس نے سعودی عرب میں ایک قابل ذکر تبدیلی کو آگے بڑھایا ہے۔‘
جمانا الراشد کا انتخاب نہ صرف ان کے بڑھتے ہوئے عالمی اثر و رسوخ کی نشاندہی کرتا ہے بلکہ دنیا بھر میں سعودی عرب کی تخلیقی اور میڈیا صنعتوں کے اہم کردار کو بھی واضح کرتا ہے۔ جیسا کہ مملکت اپنی ثقافتی اور اقتصادی تبدیلی کو جاری رکھے ہوئے ہے، ان کی قیادت ترقی کے جذبے اور اپنے کام کے ذریعے پوری دنیا کی کمیونٹیز کو اکٹھا کرنے کی طاقت دونوں کی نمائندگی کرتی ہے۔

 

شیئر: