پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن نے برطانیہ کے لیے پروازیں 25 اکتوبر سے شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے سنیچر کو جاری بیان میں کہا کہ پہلے مرحلے میں اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے ہفتہ وار سنیچر اور منگل کو دو پروازیں آپریٹ کرے گی۔
شیڈول کے مطابق پی ائی اے کی پرواز دن 12 بجے روانہ ہوگی اور شام 5 بجے مانچسٹر پہنچے گی۔
مزید پڑھیں
-
پی آئی اے کا ’فری فلائٹ‘ سکینڈل، لاکھوں مفت ٹکٹیں دینے کا انکشافNode ID: 894903
مانچسٹر سے پرواز شام 7 بجے روانہ ہوگی اور صبح 7 بجے اسلام آباد پہنچے گی۔
ترجمان کے مطابق مانچسٹر کی پروازوں میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا اور دوسرے مرحلے میں لندن کی پروازیں بھی شروع کی جائیں گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پروازیں بکنگ کے لیے کھول دی گئی ہیں اور 15 گھنٹے کی مسافت کے بجائے 8 گھنٹوں میں مانچسٹر پہنچ سکیں گے۔
5 سال کے عرصے کے بعد پی آئی اے دوبارہ اس روٹ پر اپنے آپریشن شروع کرنے جا رہا ہے۔
طانیہ کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جمعے کو پی آئی اے کے لیے غیرملکی طیاروں کا آپریٹنگ پرمٹ جاری کیا تھا جس کے بعد برطانیہ میں پروازوں کی بحالی کے لیے آخری انتظامی رکاوٹ دور ہو گئی۔
برطانیہ نے جولائی میں پاکستانی ایئرلائنز پر عائد پابندیاں ختم کر دی تھیں جو 2020 میں کراچی میں پی آئی اے کے ایئربس اے 320 طیارے کے حادثے کے بعد لگائی گئی تھیں۔ اس حادثے میں 97 افراد کی موت واقع ہوئی تھی۔
حادثے کے بعد پائلٹ لائسنسنگ میں بے ضابطگیوں کے الزامات سامنے آئے جس کے نتیجے میں برطانیہ اور یورپی یونین دونوں نے پابندیاں عائد کر دی تھیں۔
پی آئی اے کی واپسی سے پاکستانی تارکین وطن کے لیے سفر آسان ہونے کی توقع ہے جبکہ تجارتی روابط مضبوط ہوں گے اور آمدنی میں اضافہ ہوگا۔
واضح رہے کہ برطانیہ پاکستان کا تیسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان سالانہ تجارت کا حجم تقریباً چار کروڑ 70 ارب پاؤنڈ ہے۔