Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یہ صفحہ دستیاب نہیں‘، بالی وڈ کی مشہور شخصیات کی جعلی ویڈیوز یوٹیوب سے ڈیلیٹ

جعلی ویڈیوز، ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن نے گوگل کے خلاف 4 لاکھ ڈالر ہرجانے کا مقدمہ دائر کیا تھا (فوٹو:اے ایف پی)
یوٹیوب نے مصنوعی ذہانت کی مدد سے بنائی گئیں سینکڑوں بالی وڈ ویڈیوز اپنے پلیٹ فارم سے ہٹا دی ہیں جنہیں اب تک ایک کروڑ 60 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا تھا۔
روئٹرز کے مطابق یہ ویڈیوز اُن کلپس سے مشابہت رکھتی تھیں جن پر بالی وڈ کی مشہور جوڑی ایشوریا رائے اور ان کے شوہر ابھیشیک بچن نے اپنی قانونی درخواست میں اعتراض کیا تھا۔
بالی وڈ کے اس طاقتور جوڑے نے نئی دہلی کی ایک عدالت میں درخواست دائر کی تھی جس میں انہوں نے اپنی شخصیت اور انٹلیکچوئل پراپرٹی رائٹس یعنی دانشمندانہ املاک کے حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کیا تھا۔
انہوں نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ انٹلیکچوئل پراپرٹی رائٹس یعنی دانشمندانہ املاک کے حقوق کی خلاف ورزی کرنے والی مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے بنی ویڈیوز پر پابندی عائد کی جائے اور انہیں ہٹانے کا حکم دیا جائے۔
ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن نے گوگل اور دیگر کے خلاف مقدمے میں چار لاکھ 50 ہزار ڈالر ہرجانے کے ساتھ ساتھ اس نوعیت کے استحصال کے خلاف مستقل قانونی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
اگرچہ عدالت نے گذشتہ ماہ کچھ مخصوص یوٹیوب ویڈیوز کو ہٹانے کا حکم دیا تھا تاہم، روئٹرز کی حالیہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایسی سینکڑوں ویڈیوز اب بھی پلیٹ فارم پر موجود ہیں۔

بالی وڈ کے جوڑے نے اپنی شخصیت اور انٹلیکچوئل پراپرٹی رائٹس یعنی دانشمندانہ املاک کے حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کیا تھا (فوٹو: روئٹرز)

رپورٹ کے مطابق آرٹیفیلش انٹیلی جنس (اے آئی) سے بنائی گئیں ان ویڈیوز میں مشہور شخصیات کو ایک دوسرے کے ساتھ رومانس کرتے دکھایا گیا تھا۔
ایک مشہور یوٹیوب چینل جو ’اے آئی سے بنائی گئی بالی لو سٹوریز‘ شیئر کرتا تھا، کو مکمل طور پر پلیٹ فارم سے ہٹا دیا گیا ہے۔ اس چینل پر 259 ویڈیوز موجود تھیں جن میں سے کچھ فحش نوعیت کی تھیں۔
ان ویڈیوز کو مجموعی طور پر ایک کروڑ 65 لاکھ بار دیکھا گیا تھا۔ اب اس چینل کے لنک پر لکھا آ رہا ہے کہ : ’یہ صفحہ دستیاب نہیں ہے‘، اور اس کی تمام ویڈیوز یوٹیوب سے غائب ہو چکی ہیں۔

مشہور یوٹیوب چینل جو ’اے آئی سے بنائی گئی بالی لو سٹوریز‘ شیئر کرتا تھا، کو مکمل طور پر پلیٹ فارم سے ہٹا دیا گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

یوٹیوب کا کیا مؤقف ہے؟

یوٹیوب نے روئٹرز کو ایک ای میل میں بتایا ہے کہ اس نے گمراہ کن مواد کو پلیٹ فارم سے ہٹا دیا ہے۔ یوٹیوب کے مطابق مذکورہ چینل جس کا ذکر روئٹرز کی رپورٹ میں کیا گیا تھا، کو اس کے کریئیٹر نے خود ڈیلیٹ کر دیا ہے اور اب اس کا مواد دستیاب نہیں ہے۔
یوٹیوب نے اس مخصوص اکاؤنٹ جس کا نام ’اے آئی بالی وڈ عشق‘ تھا، کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
کمپنی نے کہا ہے کہ وہ نقصان دہ غلط معلومات کی ممانعت کرتی ہے اور ایسے مواد کو ہٹا دیتی ہے جو تکنیکی طور پر تبدیل کیا گیا ہو اور صارفین کو گمراہ کرنے کا باعث بنے۔

 

شیئر: