Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری

ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
پیر کو محکمہ موسمیات کی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا سے ملحقہ علاقوں میں موسمیاتی نظام فعال ہے، جس کی وجہ سے اگلے چند گھنٹوں کے دوران مری، گلیات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مظفر آباد، وادی نیلم، راولا کوٹ، گڑھی دوپٹہ، کوٹلی اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔
اسی طرح گلگت، سکردو، گوپس، بونجی، چلاس، استور اور اردگرد کے علاقوں میں بارش کے علاوہ برفباری کا بھی امکان ہے۔
علاوہ ازیں اتوار کو دن کے وقت اسلام آباد، راولپنڈی اور ملحقہ علاقوں میں مطلع ابر آلود رہا اور شام کے وقت ہلکی بارش ہوئی تاہم رات کو کھل کر بادل برسے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی طویل خشک سالی کے بعد بوندا باندی ہوئی۔
اسی طرح خیبر پخونخوا اور کشمیر کے بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔
پشاور، چارسدہ، مردان، ہنگو اور دوسرے مقامات پر بارش کے بعد موسم کافی سرد ہو گیا ہے جبکہ چترال، مہوڈنڈ، چترال اور مالم جبہ میں برف باری کے بعد پہاڑوں اور گلی کوچوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔
بلوچستان میں بھی طویل عرصے کے بعد بارش ہوئی اور درجہ حرارت میں کمی آئی ہے۔
چمن، قلعہ عبداللہ، اور توبہ اچکزئی میں شدید آندھی بھی چلی جس سے درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے اگلے چند روز تک بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے اور لوگوں کو محتاط رہنے اور غیرضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

شیئر: