انڈر 19 ایشیا کپ کی فاتح پاکستان کرکٹ ٹیم کا وطن واپسی پر شاندار استقبال
انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف انڈیا کو شکست دے کر وطن واپس پہنچنے والی پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔
پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ٹیم کی آمد پر جشن کا سماں تھا اور شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد کرکٹرز کو خوش آمدید کہنے کے لیے ایئرپورٹ پر موجود تھی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کا استقبال پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور دیگر اعلیٰ پی سی بی حکام نے کیا۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم نے اتوار کے روز دبئی میں کھیلے گئے فائنل میں انڈیا انڈر 19 کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
استقبال کے موقع پر آتشبازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ پی سی بی حکام نے اس موقع پر کہا کہ انڈر 19 ٹیم کی یہ کامیابی پاکستانی کرکٹ کے روشن مستقبل کی علامت ہے اور نوجوان کھلاڑیوں نے اپنی محنت اور لگن سے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
