اداکار گووندا واقعی ہالی وڈ فلم ’اواتار تھری‘ کا حصہ ہیں؟
اداکار گووندا واقعی ہالی وڈ فلم ’اواتار تھری‘ کا حصہ ہیں؟
پیر 22 دسمبر 2025 13:04
گووندا نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ جیمز کیمرون نے ان سے اواتار فلم میں کام کی پیشکش کی تھی (فوٹو: این ڈی ٹی وی)
بالی وڈ اداکار گووندا کی کچھ ایسی تصویریں سوشل میڈیا پر شیئر ہو رہی ہیں جن میں وہ مشہور ہالی وڈ فلم ’اواتار‘ کے گیٹ اپ میں دکھائی دے رہے ہیں جس پر کچھ صارفین نے خیال ظاہر کیا ہے کہ وہ اواتار 3 میں شامل ہیں، کیا واقعی ایسا ہے؟
کچھ عرصہ پیشتر ایک انٹرویو میں گووندا نے کہا تھا کہ ہدایت کار جیمز کیمرون نے ان سے اپنی فلم کے لیے رابطہ کیا تھا اور کہانی سننے کے بعد ’اواتار‘ کا ٹائٹل بھی انہوں نے ہی دیا تھا۔
دی ٹریبیون انڈیا کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ ’ہدایت کار نے کہا تھا کہ فلم کے لیے پورے جسم پر پینٹ کرنا پڑے گا جو کہ مجھے پسند نہیں آیا اور میں نے انکار کر دیا۔‘
اسی انٹرویو میں وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’میں نے تو معذرت کر لی تھی مگر ہدایت کار کو بتا دیا تھا کہ آپ کی یہ فلم سپر ہٹ ہو گی۔‘
اواتار تھری کی ریلیز کے بعد گووندا کی اسی گیٹ اپ میں تصویریں سامنے آنے پر فینز متجسس ہیں۔
وہ جسم پر پینٹ اور انڈین لباس میں ملبوس دکھائی دیتے ہیں۔
بہت سے فینز کا خیال ہے کہ شاید انہوں نے اپنا ارادہ تبدیل کر لیا تھا اور تیسرے حصے میں شامل ہو گئے ہوں اور اس بات کو خفیہ رکھا گیا ہو۔
سوشل میڈیا میں ایسی کئی تصاویر زیرگردش ہیں جن میں گووندا فلم کے گیٹ اپ میں دکھائی دے رہے ہیں (فوٹو: ٹریبیون انڈیا)
مگر دوسری طرف صورتحال مختلف دکھائی دیتی ہے کیونکہ شیئر کی جانے تصاویر اور میمز اے آئی جنریٹڈ دکھائی دیتی ہیں۔
اواتار تھری کی اصل کاسٹ میں سیم ورتھنگٹن، زوئے سیلڈانا، سیگورنی ویور، سٹیفن لینگ اور کیٹ ونسلٹ شامل ہیں اور فلم سے متعلق کسی بھی پلیٹ فارم کی جانب سے گووندا کی شمولیت کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
یہ تصویریں سامنے آنے کی دیر تھی کہ سوشل میڈیا صارفین کو دلچسپ تبصروں کے مواد ہاتھ آ گیا۔
ایک ایکس صارف نے ایک طنزیہ پوسٹ میں لکھا کہ ’کہیں ایسا تو نہیں کہ جیمز کیمرون نے کسی نہ کسی طور گووندا کو اواتار تھری میں کیمیو کے لیے راضی کر لیا ہو۔‘
اسی طرح ایک اور صارف کچھ ایسا ہی انداز اپناتے ہوئے ان کی تصویر کرتے ہوئے کہا کہ ’بالآخر گووندا نے جیمز کیمرون کی فلم کے لیے ہاں کہہ دی۔‘
تیسرا صارف بھی کچھ ایسے ہی موڈ میں دکھائی دیا اور لکھا کہ ’لو جی گووندا کی اواتار، فائر اینڈ ایش میں واپسی ہو گئی ہے۔‘
رواں سال کے آغاز میں گووندا نے ایک بار پھر کہا تھا کہ انہوں نے جیمز کیمرون سے ملاقات کی تھی اور فلم کی ڈیل میں 410 دن کی شوٹنگ اور 18 کروڑ روپے شامل تھے۔
ان کے مطابق ’میں نے یہ کہتے ہوئے انکار کر دیا تھا کہ جسم پر ایسا پینٹ کرانے کے بعد تو مجھے ہسپتال جانا پڑے گا۔‘