Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین پروپیگنڈا کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم کو چھپا نہیں سکتا: پاکستان کا انڈیا کو جواب

صائمہ سلیم نے واضح کیا کہ پاکستان امن، انصاف اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی کے عام مباحثے کے دوران پاکستان کی مندوب صائمہ سلیم نے انڈیا کے مؤقف کے جواب میں ’حقِ جواب‘ کا استعمال کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈیا کا پروپیگنڈا کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم کو چھپا نہیں سکتا، اور انکار حقیقت کو بدل نہیں سکتا۔
صائمہ سلیم نے کہا کہ جموں و کشمیر کبھی بھی انڈیا کا حصہ نہیں رہا، اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادیں اس حقیقت کی تصدیق کرتی ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان کشمیری عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت کرتا ہے، جو دہائیوں سے ریاستی جبر، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور انڈین قبضے کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’اگر انڈیا کے پاس چھپانے کے لیے کچھ نہیں تو اسے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندوں، بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی میڈیا کو مقبوضہ کشمیر تک رسائی دینی چاہیے۔ کشمیری عوام کی صرف ایک ہی مانگ ہے ، آزادی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت کا حصول۔‘
پاکستانی مندوب نے انڈیا کی جمہوریت کو ’عدم برداشت کا تھیٹر‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’ہندوتوا کے نام پر اقلیتیں خوف میں زندگی گزار رہی ہیں، مسلمان ہجوم کے ہاتھوں قتل کا شکار، مساجد مسمار، اور گرجا گھر جلائے جا رہے ہیں۔ نسل کشی کی آوازیں اور نفرت انگیز تقاریر معمول بن چکی ہیں۔‘
صائمہ سلیم نے مزید کہا کہ  انڈیا نہ صرف پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی کر رہا ہے بلکہ خطے میں جارحیت اور دہشت گردی کے فروغ کے ذریعے امن و استحکام کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’10 مئی کے واقعے میں انڈیا کے جارحانہ عزائم دنیا کے سامنے بے نقاب ہوئے۔‘
پاکستانی مندوب نے مزید کہا کہ انڈیا نے آبی وسائل کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے، جو ’انسانی وقار اور اچھی ہمسائیگی کے اصولوں کے منافی‘ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’جنوبی ایشیا میں امن ایک خواب ہی رہے گا جب تک انڈیا مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنا قبضہ ختم نہیں کرتا اور ریاستی دہشت گردی کی پالیسی ترک نہیں کرتا۔‘
آخر میں صائمہ سلیم نے واضح کیا کہ پاکستان امن، انصاف اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔

شیئر: