خصوصی سکیورٹی فیچرز کے ساتھ پاکستان میں نئے کرنسی نوٹ، ڈیزائن کیسا ہوگا؟
خصوصی سکیورٹی فیچرز کے ساتھ پاکستان میں نئے کرنسی نوٹ، ڈیزائن کیسا ہوگا؟
جمعرات 15 جنوری 2026 7:26
صالح سفیر عباسی، اسلام آباد
حکام وزارت خزانہ نے سٹیٹ بینک کے جاری کردہ کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن پر وفاقی کابینہ کو بریفنگ دی (فائل فوٹو: اے پی پی)
پاکستان کی کابینہ نے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کا جائزہ لینے کے لیے کابینہ کمیٹی قائم کر دی ہے۔ کمیٹی اپنی سفارشات وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کرے گی، جس کے بعد نئے ڈیزائن کی منظوری متوقع ہے۔
بدھ کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں وزارت خزانہ کے حکام نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن کے حوالے سے بریفنگ دی۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق کابینہ کو بتایا گیا کہ نئے کرنسی نوٹ جدید بین الاقوامی معیار اور سکیورٹی تقاضوں کے مطابق ڈیزائن کیے جا رہے ہیں، اور اس مقصد کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔
وفاقی کابینہ کو یہ بھی بتایا گیا کہ نئے ڈیزائن کے بینک نوٹوں میں 100، 500، 1000 اور 5000 روپے کے نوٹ متعارف کروائے جائیں گے۔
’نئے کرنسی نوٹوں میں جدید اور بہتر سکیورٹی تھریڈ استعمال کیا جائے گا، جس سے جعلی کرنسی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔‘
نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن میں پاکستان کی علاقائی اور جغرافیائی اہمیت کو نمایاں کیا جائے گا اور تاریخی یادگاروں کو بھی جگہ دی جائے گی۔ اس سے ملک کی ثقافتی وراثت اور شناخت عوام کے سامنے مزید اُجاگر ہوگی۔
اسی طرح ڈیزائن میں خواتین کی قومی ترقی میں شمولیت اور معاشرتی و مالیاتی تبدیلی جیسے اہم موضوعات کو بھی شامل کیا جائے گا تاکہ کرنسی نوٹ معاشرتی شعور اور قومی ترقی کے پیغام کو بھی عام کریں۔
واضح رہے کہ سٹیٹ بینک نے نئے کرنسی نوٹوں کی تیاری کا عمل 2024 میں شروع کیا تھا، جس میں پیشہ ورانہ ڈیزائن کے مقابلے کے ذریعے آئیڈیاز جمع کیے گئے تھے۔
بعد ازاں 2024 میں ہی کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کا انتخاب مکمل کرلیا گیا تھا اور اس بات کا اعلان بھی کیا گیا تھا کہ گورنر سٹیٹ بینک نے نئے ڈیزائن منتخب ہونے کی تصدیق کی ہے، تاہم وفاقی کابینہ سے اِن کی حتمی منظوری ہونا باقی تھی۔
گورنر سٹیٹ بینک نے کہا تھا کہ ’2025 میں نئے کرنسی نوٹ جاری ہوں گے، تاہم ایسا نہ ہو سکا‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
اب وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن پر غور و خوض کے بعد حتمی سفارشات وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کرے گی، جس کے بعد رواں برس ہی نئے کرنسی نوٹوں کی منظوری متوقع ہے۔
نئے کرنسی نوٹوں کا ڈیزائن فائنل ہونے کے بعد سٹیٹ بینک کی جانب سے تمام بینکوں کو ایک واضح ٹائم فریم دیا جائے گا، جس کے اندر موجودہ کرنسی نوٹوں کو نئے نوٹوں کے ساتھ تبدیل کیا جا سکے گا۔
یاد رہے کہ گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد نے گذشتہ برس کہا تھا کہ ’2025 میں نئے کرنسی نوٹ جاری کر دیے جائیں گے‘، تاہم ایسا نہ ہو سکا۔
گورنر سٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ ’نئے کرنسی نوٹوں پر ہم نے اپنا سارا کام مکمل کر لیا ہے اور نوٹوں کے حتمی ڈیزائنز بھی طے ہو چکے ہیں۔‘
’اس حوالے سے ہم نے معروف بین الاقوامی ایجنسی کے ڈیزائنر کی خدمات حاصل کیں اور اب تمام طے شدہ ڈیزائنز وفاقی حکومت کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔‘
گورنر سٹیٹ بینک نے یہ بھی کہا تھا کہ ’جیسے ہی حکومت ان نئے نوٹوں کی منظوری دیتی ہے ان کی پرنٹنگ شروع ہو جائے گی۔‘