’اولیو کچن‘: الجوف بین الاقوامی فیسٹیول میں مشرق اور مغرب کے ذائقے
جمعرات 15 جنوری 2026 10:00
19ویں الجوف بین الاقوامی زیتون فیسٹیول میں ’اولیو کچن‘ زیتون کے تیل میں بنے لذیذ کھانوں کو مشرق و مغرب کے ذائقوں کے ساتھ پیش کر رہا ہے تاہم الجوف کے روایتی ذائقے کو برقرار رکھا گیا ہے۔
کچن میں تین براعظموں کے شیف اور کھانا پکانے کی روایات کو اکٹھا کیا گیا ہے جس میں سعودی، ترکیہ، فلسطینی، اطالوی، اردنی، ہسپانوی، مصری اور شامی کھانوں کو پیش کیا جا رہا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق کچن کے کھانوں میں زیتون اور زیتون کا تیل استعمال ہوتا ہے جن میں کَبسہ، سلاد، پاستا، تبولہ، بھری ہوئی سبزیاں، فتہ، انگور کی بھری ہوئی پتیاں، بریانی، شاورما اور کئی مزیدار پکوان شامل ہیں۔
الجوف بین الاقوامی زیتون فیسٹیول میں ’اولیو کچن‘ فیملیز اور نوجوانوں میں کافی مقبول ہے۔ یہ میلہ سکاکہ میں علاقے کی بلدیہ کی جانب سے منعقد کیا گیا ہے اور 17 جنوری تک جاری رہے گا۔

فیسٹیول کے انعقاد کے پہلے پانچ دنوں میں 65 ہزار سے زیادہ افراد نے شرکت کی۔
فیسٹیول میں نہ صرف زیتون کی نمائش جاری ہے بلکہ مختلف اقسام کے تفریحی، ثقافتی اور فنکارانہ سرگرمیوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔