سعودی نائب وزیرخارجہ انجینیئر ولید عبدالکریم الخریجی نے اتوار کو ریاض میں وزارت کے ہیڈ کوارٹر میں قطری وزیر مملکت برائے بین الاقوامی تعاون مریم بنت علی المسند کا خیرمقدم کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور انہیں ترقی دینے طریقوں کا جائزہ، علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال اور اس حوالے سے کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر شہزادہ سعد بن منصور اور مملکت میں قطر کے سفیر بندر محمد العطیہ بھی موجود تھے۔

علاوہ ازیں ایوان شاہی کے مشیر اور شاہ سلمان مرکز کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ سے بھی قطری وزیر مریم بنت علی المسند نے ملاقات کی۔
ملاقات میں انسانی ہمدردی اور ریلیف سے متعلق مشترکہ دلچسپی کے امور اور انسانی ہمدردی کے کاموں میں تعاون کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
قطری وزیر نے مملکت کی طرف سے دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی مدد کےلیے شاہ سلمان مرکز کے ذریعے کی جانے والی امدادی اور انسانی ہمدردی کی کوششوں کو سراہا۔